پاکستان کی ساکھ کا خیال رکھیں ،وسیم خان کا قومی ٹیم کو پیغام

نیوزی لینڈ میں قوانین سخت ہیں،قرنطینہ میں رہ کر سخت حالات برداشت کرلیں: سی ای او پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 نومبر 2020 14:12

پاکستان کی ساکھ کا خیال رکھیں ،وسیم خان کا قومی ٹیم کو پیغام
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا 6 کھلاڑیوں کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد قومی ٹیم کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی پاکستان کی ساکھ کا خیال رکھیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم اور منیجمنٹ کا گزشتہ روز پہلا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا جسکے نتیجے آگئے ہیں۔

نتیجوں کے مطابق 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ فی الحال کورونا ٹیسٹ مثبت والے کھلاڑیوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ جن 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ان میں سے 4 کنفرم کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جب کہ دیگر 2 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ایک بار پھر دوبارہ لیے جارہے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق جن 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں سے 2 ارکان پہلے بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں،کرکٹ نیوزی لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی سکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ہی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ’متعدد‘ ممبران کو سی سی ٹی وی کیمروں پر کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے دیکھا گیا ۔کینٹربری ڈسٹرکٹ ہیلتھ بورڈ کے میڈیکل آفیسر آف ہیلتھ نے اب سکواڈ کی انتظامیہ کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کے تمام ممبران اگلے احکمات تک اپنے اپنے کمروں میں رہیں ، کھلاڑیوں کا تربیتی سیشن بھی ختم کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ حکام نے 6 قومی کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پورے سکواڈ کا دوبارہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو تمام سکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کے لئے سیمپل لیا جائے گا،ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے بعد قومی سکواڈ کا 14 روزہ قرنطینہ کا آغاز ہو گا،سکواڈ کے قرنطینہ کے دوران بھی 2 بارکورونا ٹیسٹ ہوگا، ۔

ادھر سی ای او پی سی بی وسیم خان نے نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ کے نام آڈیو پیغام میں کھلاڑیوں کو کوویڈ پروٹوکولز پر عملدرآمد کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں قوانین سخت ہیں،قرنطینہ میں رہ کر سخت حالات برداشت کرلیں،ایس او پیز پر عملدرآمد ہوگا تو پھر ہی گھومنے پھرنے کی آزادی ملے گی تاہم اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو نیوزی لینڈ حکومت واپس بھی بھیج سکتی ہے،تمام کھلاڑی پاکستان کی ساکھ کا خیال رکھیں ۔واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 2 روز پہلے نیوزی لینڈ پہنچی تھی۔
وقت اشاعت : 26/11/2020 - 14:12:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :