دورہ نیوزی لینڈ پاکستانی ٹیم کیلئے بھیانک خواب بن گیا

شاداب خان کے بعد قومی ٹیم کے بلے باز حارث سہیل بھی زخمی ہوگئے، پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک

muhammad ali محمد علی بدھ 23 دسمبر 2020 23:15

دورہ نیوزی لینڈ پاکستانی ٹیم کیلئے بھیانک خواب بن گیا
آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 دسمبر2020ء) دورہ نیوزی لینڈ پاکستانی ٹیم کیلئے بھیانک خواب بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کیلئے انتہائی مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد سے قومی ٹیم مسلسل مشکلات کا شکار ہیے۔ پہلے قومی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں میں کرونا کی تشخیص ہوئی جس کی وجہ سے قومی ٹیم پریکٹس میچوں سے محروم رہی۔

پھر ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بلے باز امام الحق زخمی ہو کر ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے۔ اب ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کرنے والے شاداب خان اور بلے باز حارث سہیل بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ شاداب خان پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو چکے، جبکہ حارث سہیل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ بھی پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔

(جاری ہے)

حارث روث سہیل کی جگہ عمران بٹ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ حارث سہیل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کا انگوٹھا زخمی ہو گیا ہے۔ جبکہ شاداب خان نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی ۔ شاداب خان کا ایم آر آئی سکین جمعرات کو ترنگا میں کروایا جائے گا، جس کی رپورٹ کے بعد ہی ان کی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئے گی کہ انہیں کرکٹ میں واپسی کے لیے کتنا وقت درکار ہے۔

شاداب خان کی جگہ ٹیم منیجمنٹ نے ظفر گوہر کو بطور متبادل سپنر پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ ظفر گوہر نے ہملٹن سے بذریعہ بس قومی ٹیسٹ سکواڈ کو ترنگا میں جوائن کرلیا ہے۔ ظفر گوہر ابتدائی طور پر پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے ۔ پاکستان کا ٹیسٹ سکواڈ محمد رضوان، سرفراز احمد، ظفر گوہر، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف پر مشتمل ہے جبکہ بابراعظم، امام الحق اور شاداب خان انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔
وقت اشاعت : 23/12/2020 - 23:15:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :