پہلے ٹیسٹ سے قبل وقار یونس کے بائولرزکو قیمتی مشورے

بائولنگ کوچ کا وہاب ریاض کو پورے رن اپ کیساتھ گیند بازی کا مشورہ ،موسیٰ خان کو بھی صرف اپنے رن اپ اور کلائی پر فوکس کرنیکاکہا، کمر کی ایک سائیڈ بند رکھ کر بائولنگ کرنےکی ہدایت

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 دسمبر 2020 14:45

پہلے ٹیسٹ سے قبل وقار یونس کے بائولرزکو قیمتی مشورے
مائونٹ مائونگوی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 دسمبر 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے پہلے ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی کے لیے بائولرز کو قیمتی مشوروں سے نوازا ۔ اپنے وقت کے مایہ پیسر اور 49 سالہ بائولنگ کوچ وقار یونس نے 35 سالہ فاسٹ بائولر وہاب ریاض کو پورے رن اپ کے ساتھ گیند بازی کرنے کا مشورہ دیا اور ان کی بائولنگ رفتار کی تعریف بھی کی ۔

وقار یونس نے موسیٰ خان کو بھی باقی سب کچھ بھول کر صرف اپنے رن اپ اور کلائی پر فوکس کرنے کا مشورہ دیا اور اس کے ساتھ ہی ہدایت دی کہ کمر کی ایک سائیڈ بند رکھ کر بائولنگ کرنے پر دھیان دو۔ بائولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ایک سائیڈ پر بائولنگ کرنے سے موسی خان جسم پر زور آئے گا لیکن بعد میں جسم کو اس کی عادت بھی ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے نوجوان بائولرز کو مزید کہا کہ وہ خود پر اعتماد رکھیں گے اور مضبوط بنیں گے تو کامیابی ملے گی۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقاریونس دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے مینجمنٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ باؤلنگ کوچ وقاریونس نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد اہل خانہ سے ملنے کی غرض سے وطن واپس آجائیں گے، وہ جون سے اپنی فیملی سے نہیں مل سکے ہیں۔ وقار یونس کی فیملی رواں ہفتے پاکستان پہنچ جائے گی اور17 جنوری کو واپس آسٹریلیا جائے گی۔ باؤلنگ کوچ نے درخواست کی تھی کہ وہ لاہور میں فیملی کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ وقاریونس 26 جنوری سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والی سیریز سے قبل ایک بار پھر قومی سکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔
وقت اشاعت : 25/12/2020 - 14:45:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :