اولمپکس گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنا چاہتی ہوں‘آمنہ عامر قادری

سوئمنگ کو فروغ دینے کیلئے حکومت ہر ضلع میں سوئمنگ پول بنائے ‘ نیشنل جونیئرسوئمر کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 2 جنوری 2021 20:12

اولمپکس گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنا چاہتی ہوں‘آمنہ عامر قادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2021ء) گولڈ میڈلسٹ نیشنل جونیئر سوئمر آمنہ عامر قادری نے کہا کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب دیکھا ہے جس کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنے کوچز اورنگزیب اور فاروق نذیر کی زیر نگرانی خوب محنت کر رہی ہوں ، مجھے پورا یقین ہے کہ اللہ تعالی میری محنت کا صلہ ضرور دے گا اور میں اولمپکس گیمز میںپاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہو جائوں گی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سوئمنگ پولز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے جب تک پاکستان کے ہر ضلع میں عالمی معیار کے سوئمنگ پول نہیں بنیں گے تب تک سوئمنگ کا کھیل فروغ نہیں پاسکتا، پاکستان اگر ایشیاسمیت دُنیا بھر میں منعقد ہونے والے سوئمنگ کے کھیل میں میڈلز جیتنا چاہتا ہے توحکومت تمام تعلیمی اداروں میں سوئمنگ کی تربیت کو لازمی قراردے ۔ گولڈ میڈلسٹ نیشنل جونیئرسوئمر آمنہ عامر قادری نے کہا کہ سوئمنگ ایک مشکل کھیل ہے جس کی ترقی حکومت کی سرپرستی کے بغیرممکن نہیں ہے،سکولزاور کالجز کی سطح پر زیادہ سے زیادہ سوئمنگ ایونٹس کے انعقاد کو یقینی بنایاجائے تو نیا ٹیلنٹ سامنے آسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 02/01/2021 - 20:12:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :