برسبین قرنطینہ تنازع، بھارت کی 3 ٹیسٹ میچز پر ہی دورہ ختم کرنے کی دھمکی

بی سی سی آئی حکام برسبین میں کھلاڑیوں کے دوبارہ قرنطینہ کرنے ،کوئنزلینڈ حکومت کے سخت ردعمل سے ناخوش: مقامی میڈیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 جنوری 2021 11:36

برسبین قرنطینہ تنازع، بھارت کی 3 ٹیسٹ میچز پر ہی دورہ ختم کرنے کی دھمکی
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 جنوری 2021ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے برسبین میں قرنطینہ قوانین کے معاملے پر کرکٹ آسٹریلیا کو سخت وارننگ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی سی سی آئی حکام برسبین ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں کے دوبارہ 14 روزہ قرنطینہ کرنے اور کوئنزلینڈ حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے سخت ردعمل سے ناخوش ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئنزلینڈ کے کوویڈ 19 قوانین ہیں تو وہ ہمارا دردسر نہیں، ہم کرکٹ آسٹریلیا پر واضح کردیں گے کہ اگر برسبین میں دوبارہ 14 روزہ قرنطینہ پر زور دیا گیا تو ہماری ٹیم چوتھے ٹیسٹ کے لیے وہاں نہیں جائے گی، کرکٹ آسٹریلیا یا تو چوتھا ٹیسٹ سڈنی منتقل کرے یا پھر 3 ٹیسٹ میچز پر ہی دورہ ختم ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ کی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم ریاستی قواعد و ضوابط کی پابندی نہیں کرسکتی تو اسے کوئز لینڈ آنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔آسٹریلیا کے شہر برسبین میں بارڈر گواسکر ٹرافی کا چوتھا میچ ہونا ہے، آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ میں داخلے کی صورت میں بھارتی ٹیم کو 14 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ ٹیم چوتھے ٹیسٹ میچ کے لیے برسبن جانے کے لیے تیار نہیں ہے، ٹیم نے کورونا سے متلعق مزید پابندیوں پر عمل درآمد کرنے سے انکار کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے انکار کے بعد سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں چوتھے ٹیسٹ میچ کے کھیلے جانے کا امکان ہے۔ بارڈر گواسکر ٹرافی کے تحت کھیلی جانے والی سیریز کے لیے انڈین ٹیم آسٹریلیا میں موجود ہے۔

آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ممکن نہیں ہے۔ کوئینز لینڈ کی وزیر صحت روس بیٹس نے کہا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم کی قوانین کی پاسداری نہیں کرسکتے تو وہ نہ آئیں۔
کوئنز لینڈ کے وزیر کھیل ٹم مانڈر نے بھی کہا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم چوتھے ٹیسٹ کے لیے برسبین کے قرنطینہ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتی ہے تو انہیں یہاں نہیں آنا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ سب پر ایک جیسے قوانین لاگو ہونے چاہیے۔
وقت اشاعت : 07/01/2021 - 11:36:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :