پاک بھارت ہاکی سیریز کے انعقاد کے لئے دونوں ملکوں کی فیڈریشنوں کے درمیان اتفاق ہو گیا ہے ، رانا مجاہد علی ،معاملہ حکومتی سطح پر ہے، بھارتی ہاکی ٹیم پہلے پاکستان کا دورہ کریگی بعد میں قومی ٹیم بھارت میں کھیلنے جائے گی ، پریس کانفرنس

منگل 13 مئی 2014 23:58

پاک بھارت ہاکی سیریز کے انعقاد کے لئے دونوں ملکوں کی فیڈریشنوں کے درمیان اتفاق ہو گیا ہے ، رانا مجاہد علی ،معاملہ حکومتی سطح پر ہے، بھارتی ہاکی ٹیم پہلے پاکستان کا دورہ کریگی بعد میں قومی ٹیم بھارت میں کھیلنے جائے گی ، پریس کانفرنس

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد علی نے کہا ہے کہ پاک بھارت ہاکی سیریز کے انعقاد کے لئے دونوں ملکوں کی فیڈریشنوں کے درمیان اتفاق ہو گیا ہے اور اب یہ معاملہ حکومتی سطح پر ہے، بھارتی ہاکی ٹیم پہلے پاکستان کا دورہ کرے گی بعد میں قومی ٹیم بھارت میں کھیلنے جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے میٹنگ روم میں رسجا میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جنرنلسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالمحی شاہ اور صدر محسن علی نقوی بھی موجود تھے۔ رانا مجاہد نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے رابطہ میں ہیں اورآئی ایچ ایف نے پاکستان میں 6 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی منظوری دے دی ہے جس سے انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی ہوگی اور پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں بھی کھیلنے آئیں گی، انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزیراعظم پاکستان گولڈل کپ ٹورنامنٹ کے انعقاد کی بھی تیاریاں شروع کی جا رہی ہیں اور یہ ٹورنامنٹ ہر سال منعقد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہاکی کے لئے حکومت سے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ مانگی ہے اور امید ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ ہیں اور ان کو کھیلوں سے بہت محبت ہے اور امید ہے کہ وہ ہاکی فیڈریشن کے لئے گرانٹ کی منظوری دے دیں گے، انہوں نے کہا کہ کلب کی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اسی طرح ضلعی، ریجنل، صوبے اور قومی سطح پر بھی ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سال میں دس ٹورنامنٹ کروائے جائیں گے جن میں محکموں کی ٹیمیں کو کم از کم چھ ٹورنامنٹس میں حصہ لینا ضروری ہوگا۔ رانا مجاہد نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختررسول نے اپنے اختیارات کو کم کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ او ر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اصلاح الدین کو ٹیم کی سلیکشن اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے فری ہینڈ دیا ہے اور ان کے معاملات میں کوئی مدخلت نہیں کریں گے اور ہم ٹیم کے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ناراض اولیمپئن کا فیڈریشن میں شامل ہونا خوش آئند بات ہے ہماری کوشش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں رانا مجاہد نے کہا کہ ایشین گیمز میں قومی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی

وقت اشاعت : 13/05/2014 - 23:58:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :