داغدار کرکٹرز کو واپسی سے روکنے کیلئے ابھی کوئی قانون نہیں بنا: مصباح الحق

فٹنس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، ہم شرجیل کومطلوبہ معیار تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں: ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 مارچ 2021 16:56

داغدار کرکٹرز کو واپسی سے روکنے کیلئے ابھی کوئی قانون نہیں بنا: مصباح الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مارچ 2021ء ) پاکستان کرکٹ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ ملک میں ایسا کوئی قانون نہیں ہے جو داغدار کرکٹرز کو قومی ٹیم میں واپسی سے روکتا ہو۔ جمعرات کو ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 46 سالہ مصباح الحق نے شرجیل خان کے انتخاب کا دفاع کیا جن پر 2017ء میں پی ایس ایل 2 کے دوران سپاٹ فکسنگ میں حصہ لینے پر ہر طرح کی کرکٹ سے پابندی عائد تھی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فی الحال ایسا کوئی قانون نہیں ہے جس میں کسی بھی کھلاڑی کو واپسی کا موقع دینے سے منع کیا گیا ہو، اگر یہ قانون بن جاتا ہے کہ سزا یافتہ کرکٹرز کو واپسی کا موقع دیا جائے تو ہم دیکھیں گے لیکن اس وقت ایسا کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ شرجیل خان کے فٹنس مسائل کے بارے میں ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ فٹنس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح سے فٹنس کے معیار کو کم نہیں کررہے ہیں ،اگرچہ فٹنس کا معیار یقینی طور پر آسان کیا جارہا ہے، ہم شرجیل کومطلوبہ معیار تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ اس سے بخوبی آگاہ ہے۔

(جاری ہے)

مصباح نے ان اطلاعات کو بھی مسترد کردیا کہ وہ دورہ جنوبی افریقہ کیلئے کچھ کھلاڑیوں کے انتخاب سے نالاں ہیں۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شرجیل کا انتخاب ہماری رضامندی کے بغیر نہیں کیا گیا،وہ اس وقت بہترین فارم میں ہیں، ان کی سلکیشن ہم سب نے ملکر کی ہے، یہ کسی ایک شخص کی ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کی ٹیم ہے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل وقت کم ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ کھلاڑی اچھے نتائج دیں گے، بابراعظم فرنٹ سے لیڈ کریں گے جبکہ امام الحق ، فخر زمان اور محمد رضوان اچھی فارم میں ہیں اور ون ڈے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/03/2021 - 16:56:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :