پی سی بی حکام 3نکاتی ایجنڈے کے ساتھ آئندہ ہفتے آئی سی سی اجلاس میں شریک ہونگے

بدھ 18 جون 2014 16:04

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جون 2014ء) پاکستانی کرکٹ بورڈ حکام 3 نکاتی ایجنڈے کے ساتھ آئندہ ہفتے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں شریک ہونگے ۔ اجلاس میں پاکستانی حکام بھارت سے مستقبل کی سیریز کے معاہدوں پردستخط، نئے نظام کے تحت بننے والی ایگزیکٹیو کمیٹی میں شمولیت اور محمد عامر کے حوالے سے بات کریں گے۔

پاکستان سمیت تمام 10 مستقل اراکین آئی سی سی میں نئی اصلاحات کی منظوری پر میلبورن میں رسمی مہر تصدیق ثبت کر دیں گے، یوں کرکٹ پر بگ تھری کا قبضہ مکمل اور بھارت، آسٹریلیا و انگلینڈ ا آمدنی میں زیادہ حصے سمیت کونسل پر قابض ہو جائیں گے۔پی سی بی نے کچھ عرصے قبل مجوزہ فارمولے پر مشروط آمادگی ظاہر کر دی تھی، اس کے عوض بھارت سے کئی سیریز کا مطالبہ سامنے رکھا گیا، ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں دبئی میں فیوچر سیریز کے حوالے سے میٹنگ میں روایتی حریف سے باہمی مقابلوں کی تاریخوں و دیگر معاملات پر اتفاق ہو گیا، پی سی بی آفیشلز ذاکر خان اور عثمان واہلہ نے دیگر ممالک سے بھی مستقبل کی سیریز کے شیڈول پر بات کی، اب ان معاہدوں پر دستخط ہونے کے بعد پاکستان بھی بگ تھری منصوبے کا حصہ بن جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ سری نواسن کے آئی سی سی چیئرمین بننے پر پی سی بی ان سے ایگزیکٹیو کمیٹی اور فنانس و کمرشل افیئرز کمیٹی میں اپنا نمائندہ شامل کرنے کا بھی مطالبہ کرے گا، یوں اسے بھی کچھ اختیارات حاصل ہو سکتے ہیں، 2 سالہ مدت کے تحت2016 تک کام کرنے والی ان دونوں کمیٹیز کے سربراہان بالترتیب ویلی ایڈورڈز ( آسٹریلیا) اور جائلز کلارک (انگلینڈ) ہیں، اس کمیٹی میں بگ تھری کے تینوں نمائندے مستقل ہونگے۔ اسی طرح حکام نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کو کچھ رعایت دلانے کا معاملہ بھی ایک بار پھر کونسل کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز 23 سے28 جون تک ہونی ہیں۔

وقت اشاعت : 18/06/2014 - 16:04:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :