پاک فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے پاکستان سکواش ٹیم کیلئے نقد انعام

جمعرات 19 جون 2014 20:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون۔2014ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں نے پاکستان سکواش ٹیم کو حال ہی میں ہانگ کانگ میں ہونے والی 17 ویں ایشین سینئیر سکواش ٹیم چیممپین شپ 2014 میں شاندار کارکردگی پر نقد انعام سے نوازا۔ ناصر اقبال، فرحان زمان، فرحان محبوب اور دانش اطلس خان نے مردوں کے مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ ماریہ طور پکئی ، مقدس اشرف ، ثمر انجم اور رفعت خان نے خواتین کے مقابلوں میں شرکت کی۔

مردوں کے مقابلوں میں پاکستانی ٹیم نے پول میچز میں سنگا پور، کوریا، مکاوٴ کو شکست دی اور کواٹر فائنلز میں ایران کو ہرایا۔ پاکستان ٹیم سیمی فائنلز میں کویت کو شکست دینے کے بعد فائنل میں پہنچی جہاں وہ ملائیشیا کو ہرا کر طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان سکواش فیڈریشن نے پاکستان سکواش ٹیم کو ملک کے لئے اعزاز جیتنے پر سراہا ۔

انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے مقابلوں میں چھٹی پوزیشن حاصل کی ۔ انہوں نے جمشید گل (کوچ) اور طارق ایف رانا ( مینیجر ) کو پاکستانی دستے کی بھرپور تربیت اور رہنمائی کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ اور ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کھلاڑیوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی تا کہ وہ نہ صرف اپنی ورلڈ رینکنگ کو بہتر بنا سکیں بلکہ ملک کے لئے مزید نام کما سکیں۔

وقت اشاعت : 19/06/2014 - 20:13:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :