فواد عالم کم ترین اننگز میں 4 سنچریاں مکمل کرنے والے قومی بلے باز بن گئے

مڈل آرڈر بلے باز نے 18 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا،سلیم ملک نے 24 اننگز میں 4 سنچریاں سکور کی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 1 مئی 2021 12:58

فواد عالم کم ترین اننگز میں 4 سنچریاں مکمل کرنے والے قومی بلے باز بن گئے
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مئی 2021ء ) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کم ترین اننگز میں 4 سنچریاں مکمل کرنے والے قومی بلے باز بن گئے ہیں ۔ 35 سالہ فواد عالم نے زمبابوے کے خلاف ہرارے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی، انہوں نے یہ اعزاز 18ویں اننگز میں حاصل کیا، اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے 24 اننگز کھیل کر 4 سنچریاں سکور کی تھیں ۔

فواد عالم فرسٹ کلاس کرکٹ میں 100 ففٹی پلس سکور مکمل کرنے والے 23ویں پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں ، انہوں نے اب تک 176 میچز کی 278 اننگز میں 56.6 کی اوسط سے 13131 رنز سکور کیے ہیں جن میں 39 سنچریاں اور 61 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کی پہلی اننگز میں زمبابوے کے 176 رنز کے جواب میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 374 رنز بنا کر 198 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

(جاری ہے)

ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے روز جب پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹیم کا سکور 103 رنز تھا اور عابد علی 56 رنز اور عمران بٹ 43 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن دوسرے روز سنچری شراکت کو زیادہ طول نہ دے پائے اور 115 کے سکور پر عابد علی کی 60 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ دوسری وکٹ پر تجربہ کار اظہر علی نے عمران بٹ کے ساتھ 61 رنز کی شراکت بنائی اور 36 رنز بنا کر تریپانو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم کھاتہ کھولنے میں ناکام ہوئے اور 182 کے سکور پر صفر پر آؤٹ ہوئے ،عمران بٹ نے 236 گیندوں کا سامنا کیا لیکن وہ اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور 7 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 226 رنز پر گری تاہم اس وقت قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری حاصل ہوگئی تھی۔ عمران بٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد فواد عالم کا ساتھ دینے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد رضوان 45 رنز بنا کر چلتے بنے، فہیم اشرف اس مرتبہ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

دوسرے اینڈ سے فاد عالم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی ایک اور سنچری مکمل کی۔ جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں 198 رنز کی برتری حاصل ہے۔ فواد عالم 16 چوکوں کی مدد سے 198 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ حسسن علی 21 رنز بنا کر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 176 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے بعد بلے بازوں نے سنچری شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی تھی۔
وقت اشاعت : 01/05/2021 - 12:58:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :