عمران خان اور محسن خان کو کھیلتے دیکھنے کیلئے 39 سال قبل ایجبسٹن کا جنگلہ پھلانگا تھا: وسیم خان

1996-97ء میں سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں محمد زاہد کی جگہ پاکستانی ٹیم کے لیے فیلڈنگ بھی کی تھی: سی ای او پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 جولائی 2021 11:48

عمران خان اور محسن خان کو کھیلتے دیکھنے کیلئے 39 سال قبل ایجبسٹن کا جنگلہ پھلانگا تھا: وسیم خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 1982ء میں 12 سال کی عمر میں ایجبسٹن میں اپنے پسندیدہ کرکٹرز عمران خان اور محسن حسن خان کو دیکھنے کے لئے دوستوں کے ساتھ جنگلہ پھلانگ کر اسٹیڈیم میں داخل ہوگئے تھے، میچ کا ٹکٹ بھی نہیں تھا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ انڈر 19 اور 1995ء میں واروکشائر کائونٹی کی اس ٹیم کا حصہ تھا جس نے سیزن ڈبل کیا۔

ایلن ڈونلڈ اور شان پولاک جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئرکیا، کائونٹی میں نک نائٹ کے ساتھ اننگز اوپن کرتا تھا ۔ میری بیٹنگ اوسط 49 کی تھی اور پہلے سیزن میں بہترین سکور 181 رنز رہا ۔ نیوزی لینڈ سے ویلنگٹن کی ٹیم کی نمائندگی کرچکا ہوں۔

(جاری ہے)

وسیم خان نے 58 فرسٹ کلاس میچز میں 30.15 کی اوسط سے 2835 رنز سکور کیے جن میں 5 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

وسیم خان انگلینڈ کی نمائندگی تو نہیں کرسکے لیکن 97-1996ء میں دورہ آسٹریلیا کے دوران وہ ایک بار پاکستان کے لیے متبادل فیلڈر کی حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے۔ اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے وسیم خان نے بتایا کہ وہ نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں کھیل رہا تھا اور کرکٹ سے 3 ہفتوں سے بریک ملنے پر آسٹریلیا کے شہر سڈنی چلے گئے۔ سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف کھیل رہی تھی اور کئی کھلاڑیوں کو انجریز ہوگئی تھیں اس لئے مشتاق محمد نے محمد زاہد کے متبادل کے طور پر بطور فیلڈر کھڑے ہونے کی درخواست کی۔

وسیم خان نے کہا کہ کچھ لوگ اس سے اتفاق نہیں کرتے لیکن میں ہمیشہ ان سے کہتا ہوں کہ جا کر مشتاق محمد سے پوچھیں اگر آپ مجھ پر اعتماد نہیں کرتے ہیں، میں 9 اوورز یا اس کے لئے محمد زاہد کی جگہ پر کھڑا تھا۔
وقت اشاعت : 30/07/2021 - 11:48:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :