حارث رئوف میچ ونر، بہت جلد بہترین فارم میں نظر آئے گا: بابراعظم

حارث سخت ٹریننگ کر رہا ہے ، قومی ٹیم کیلئے پرفارمنس دینے کے لیے پرعزم ہے: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 جولائی 2021 15:11

حارث رئوف میچ ونر، بہت جلد بہترین فارم میں نظر آئے گا: بابراعظم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2021ء ) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹی ٹونٹی سیریز میں فاسٹ بولر حارث رؤف عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ حارث میچ ونر ہے اور بہت جلد اپنی بہترین فارم میں نظر آئے گا۔ فاسٹ بائولر حارث رئوف حال ہی میں خراب فارم کا شکار ہیں اور انہوں نے رواں سال 10 ٹی ٹونٹی میچوں میں 27.50 کی اوسط اور 9.29 کی اکانومی ریٹ سے صرف 12 وکٹیں حاصل کیں۔

ان کی فارم خراب ہونا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے قریب آنے کے باعث پاکستانی بولنگ یونٹ کے لئے پریشان کن ثابت ہورہا ہے۔بابراعظم کو حارث رئوف کی خراب فارم کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں اور انہیں یقین ہے کہ حارث ویسٹ انڈیز کے خلاف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

بابراعظم نے کہا کہ حارث سخت ٹریننگ کر رہا ہے اور وہ قومی ٹیم کے لئے پرفارمنس دینے کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حارث نے ماضی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن کرکٹ میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، ہم اس کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ وہ یہ سمجھ سکے کہ اسے مشکل کہاں پیش آرہی ہے۔ بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ حارث رئوف ہمارا میچ وننگ بولر ہے اور مجھے ان پر بہت اعتماد ہے ، اللہ نے چاہا تو ہم اس سیریز میں انہیں ایک مختلف انداز میں دیکھیں گے۔ 27 سالہ تیز گیند باز 2020ء میں اپنے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کے بعد سے ہی پاکستان کے بہترین بائولرز میں سے ایک رہے ہیں ۔ انہوں نے اب تک 21 میچوں میں 25.07 کی اوسط اور 8.94 کے اکانومی ریٹ سے 28 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔
وقت اشاعت : 30/07/2021 - 15:11:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :