امریکی جہاز سے گر کر ہلاک ہونے والوں میں افغان فٹبالر بھی شامل

ذکی انواری گزشتہ پیر کو کابل ہوائی اڈے سے امریکی سی 17 طیارے کے باہر لٹکا اور کچھ دوری کے بعد گر کر ہلاک ہوگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 20 اگست 2021 11:34

امریکی جہاز سے گر کر ہلاک ہونے والوں میں افغان فٹبالر بھی شامل
کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اگست 2021ء ) کابل سے مسافروں کو لے جانے والے امریکی طیارے سے گر کر ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت ہو گئی ، العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دوسرا شخص افغانستان انڈر 19 فٹ بال ٹیم کا کھلاڑی ذکی انواری تھا ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ نے لکھا کہ اریانا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ذکی انواری وہ دوسرا شخص تھا جو گزشتہ پیر کو کابل کے ہوائی اڈے سے امریکی طیارے کے باہر لٹکا اور کچھ دوری کے بعد گر کر ہلاک ہو گیا ۔

جنرل سپورٹس اتھارٹی نے اس کی موت کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ اتوار طالبان کے کابل پر کنڑول کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد کابل ہوائی اڈے پر جمع ہو گئی تھی جن کی کوشش تھی کہ غیر ملکی جہازوں میں سوار ہو کر افغانستان سے نکل جائیں ، میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کارگو جہاز سی 17 میں 640 سے زائد افراد سوار ہو کر افغانستان سے نکل آئے تھے جب کہ کچھ افراد جہاز کے باہر لٹک گئے تھے جو اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد گر کر ہلاک ہو گئے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ امریکی طیارے سے گر کرہلاک ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر بھی ہے جس کی شناخت محمد فدا کے نام سے کی گئی تھی۔                                                                                                                                     
وقت اشاعت : 20/08/2021 - 11:34:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :