ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں محمد رضوان، بابراعظم مشکل بیٹسمین ہوں گے: ٹرینٹ بولٹ

بابراعظم کلاسی کھلاڑی، ہر فارمیٹ میں بہترین کھلاڑی ثابت ہوتے ہیں،آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ بھی ورلڈ کپ کے دوران بائولنگ کیلئے مشکل بیٹسمین ہوںگے: کیوی پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 ستمبر 2021 13:21

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں محمد رضوان، بابراعظم مشکل بیٹسمین ہوں گے: ٹرینٹ بولٹ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 ستمبر 2021ء ) آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے محمد رضوان اور کپتان بابراعظم اس سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سخت حریف ثابت ہوں گے۔ آئی سی سی کے ایک انٹرویو کے دوران میزبان نے ٹرینٹ بولٹ سے پوچھا کہ ’آپ کیا سمجھتے ہیں کہ اس ورلڈ کپ میں بائولنگ کرنے کیلئے سب سے مشکل بیٹسمین کون ہوگا؟‘۔

اس سوال کے جواب میں کیوی فاسٹ بولر نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ یہاں بہت سارے اچھے کھلاڑی ہیں، میرے خیال میں پاکستان کے محمد رضوان ایک بہترین کھلاڑی ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’بابراعظم ایک بہت کلاسی کھلاڑی ہیں اور ہر فارمیٹ میں بہترین کھلاڑی ثابت ہوتے ہیں‘۔

(جاری ہے)

محمد رضوان اور بابراعظم کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ بھی ورلڈ کپ کے دوران بائولنگ کے لیے ایک مشکل بیٹسمین ہوں گے۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں سال 17 اکتوبر سے شروع ہوگا جو عمان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں رواں مہینے ون ڈے اور ٹی 20 میچز میں مدمقابل آئیں گی۔ یہ میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 17 ستمبر، دوسرا 19 ستمبر اور تیسرا 21 ستمبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں لاہور میں 5 ٹی 20 میچز بھی کھیلیں گی۔
وقت اشاعت : 10/09/2021 - 13:21:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :