بھارتی سکواڈ میں بڑھتے کورونا کیسز،بھارت اور انگلینڈ کا آخری ٹیسٹ منسوخ

دو روز قبل کوچ روی شاستری ،3 دیگر سپورٹ سٹاف ممبران کے کوویڈ ٹیسٹ مثبت آئے تھے ،گزشتہ روز بھارتی ٹیم کے مزید ایک سپورٹ سٹاف کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 ستمبر 2021 14:09

بھارتی سکواڈ میں بڑھتے کورونا کیسز،بھارت اور انگلینڈ کا آخری ٹیسٹ منسوخ
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 ستمبر 2021ء ) بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ کورونا کیسز کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ اولڈ ٹریفورڈ میں آج سے شروع ہونا تھا لیکن بھارتی ٹیم کے کوچ روی شاستری کے بعد ایک اور ممبر میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ دو روز قبل بھارتی کوچ روی شاستری اور تین دیگر سپورٹ سٹاف ممبران کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے تھے جب کہ گزشتہ روز بھارتی ٹیم کے مزید ایک سپورٹ سٹاف کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایک بیان میں کہا کہ ’بی سی سی آئی کے ساتھ جاری بات چیت کے بعد انگلش بورڈ اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں آج سے شروع ہونے والا 5واں ٹیسٹ منسوخ کر دیا جائے گا‘۔

(جاری ہے)

سابق بھارتی وکٹ کیپر بلے باز اور تبصرہ نگار دنیش کارتک نے بھی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’آج کوئی کھیل نہیں ہوگا‘۔

یاد رہے کہ بھارت کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے اس طرح اب 4 میچوں کی سیریز بھارت کے نام رہی ہے۔ بھارت اور انگلینڈ کی پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈرا ہو گیا تھا۔ دوسرے میچ میں بھارت 151 رنز سے کامیاب ہوا۔ میزبان انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 76 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سیریز کے چوتھے میچ میں بھارت نے 157 رنز سے کامیابی سمیٹی جبکہ اب آخری اور 5واں ٹیسٹ منسوخ ہونے سے سیریز بھارت نے دو ایک سے اپنے نام کر لی۔
وقت اشاعت : 10/09/2021 - 14:09:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :