انٹرویو میں خاتون کرکٹر پر ’ہتک آمیز‘ تبصرے، ٹی وی چینل پر 2لاکھ روپے جرمانہ عائد

چینل اپنے شوز میں ان مہمانوں کو دعوت نہیں دے سکتا جو خواتین سے متعلق غیر حساس تبصرے کرتے رہے ہیں: پیمرا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 ستمبر 2021 11:54

انٹرویو میں خاتون کرکٹر پر ’ہتک آمیز‘ تبصرے، ٹی وی چینل پر 2لاکھ روپے جرمانہ عائد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2021ء ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ویمن کرکٹر ندا ڈار کا انٹرویو نشر کرنے والے نجی ٹی وی چینل پر جرمانہ عائد کیا ہے جس میں خاتون کھلاڑی پر ہتک آمیز تبصرے کیے گئے تھے۔ عرب نیوز پاکستان کے مطابق پیمرا نے اپنے تاریخی فیصلے میں چینل پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ معافی بھی مانگنے کو کہا ہے۔

فیصلے کے مطابق انٹرویو میں خاتون کرکٹر ندا ڈار پر ’غیر حساس، ہتک آمیز اور نفرت انگیز‘ تبصرے کیے گئے۔ نجی ٹی وی چینل نیو نیوز پر جون میں نشر ہونیوالے انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے کہا تھا کہ ’چند خواتین کھلاڑی جو مرد کھلاڑیوں کے برابر یا ان سے بہتر ہونے کی کوشش کرتی ہیں وہ شادی کا خیال ترک کر دیتی ہیں‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے ندا ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر آپ ان سے ہاتھ ملائیں تو آپ محسوس بھی نہیں کریں گے کہ یہ ایک لڑکی ہیں‘۔

انٹرویو کرنے والے خاتون اینکر نے بھی مزاق کرتے ہوئے کہا ’کرکٹرز کو شادی کے آئیڈیا سے الرجی ہے‘۔
پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے پیمرا میں شکایت درج کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ خاتون کھلاڑی کے ساتھ نامناسب زبان استعمال کی گئی ہے جب کہ متعصبانہ رویہ اپنایا گیا۔ پیمرا نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ کونسل نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹر عبدالرزاق اور دیگر کی جانب سے کیا گیا تبصرہ ہتک آمیز اور نفرت انگیز ہے۔

پیمرا نے نیو نیوز پر دو لاکھ جرمانہ عائد کیا ہے جب کہ ندا ڈار اور دیگر خواتین سے بھی معافی مانگنے کا کہا ہے۔ کونسل نے یہ بھی کہا ہے کہ چینل اپنے شوز میں ان مہمانوں کو دعوت نہیں دے سکتا جو خواتین سے متعلق غیر حساس تبصرے کرتے رہے ہیں۔ انٹرویو کا کلپ وائرل ہونے کے بعد کرکٹر عبدالرزاق کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر انہوں نے ٹویٹ میں وضاحت بھی کی کہ وہ تمام خواتین کی بے حد عزت کرتے ہیں بالخصوص خواتین کرکٹرز کی جنہوں نے سپورٹس میں بہت نام کمایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ لفظوں کا چناؤ اور بیان یقیناً غلط تھا، ندا ڈار سے بات کر کے اپنی پوزیشن واضح کی ہے۔
وقت اشاعت : 25/09/2021 - 11:54:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :