گلین میکسویل بھارتی منگیتر سے شادی کیلئے دورہ پاکستان کے بارے میں غیر یقینی کا شکار

آل راؤنڈر اور ان کی منگیتر فارماسسٹ وینی رامن اس وقت اپنی طویل عرصے سے تاخیر کا شکار شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 نومبر 2021 14:36

گلین میکسویل بھارتی منگیتر سے شادی کیلئے دورہ پاکستان کے بارے میں غیر یقینی کا شکار
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 نومبر 2021ء ) آل راؤنڈر گلین میکسویل آئندہ سال مارچ ،اپریل میں پاکستان کا دورہ کرنے کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار ہے کیونکہ وہ اور ان کی منگیتر اس وقت اپنی طویل عرصے سے تاخیر کا شکار ہونے والی شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ میکسویل اور فارماسسٹ وینی رامن کی منگنی مارچ 2020ء میں ہوئی تھی لیکن کوویڈ 19 لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی وجہ سے انہیں کئی بار اپنی شادی کو دوبارہ شیڈول کرنا پڑا۔

33 سالہ آل رائونڈر پاکستان کے خلاف 29 مارچ سے 5 اپریل کے درمیان آسٹریلیا کے محدود اوورز کے میچوں کے لیے منتخب کیے گئے پہلے کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے جو جنوبی ایشیائی ملک میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد کھیلا جائے گا۔ گلین میکسویل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ بہت اچھا ہے کہ ہمیں وہاں واپس جانے کے لیے ایک ٹور ملا ہے، ہم 1998ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے وہاں جانے یا نہ جانے کا انحصار شاید میری منگیتر پر ہے کیونکہ اس دوران میری شادی ہونے والی ہے، اس لیے میں شاید یہ سوال کرنے کے لیے بالکل صحیح شخص نہیں ہوں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کی منگیتر شادی کو دوبارہ آگے کرنے پر غور کر سکتی ہے، میکسویل نے کہا کہ اس کا کوئی چانس نہیں ہے، ہم پہلے ہی اپنی شادی کئی بار آگے کرچکے ہیں ۔

جمعرات کو دبئی میں T20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا ۔ میکسویل انڈین پریمیئر لیگ کے دوران ٹاپ فارم میں تھے، میکسویل نے ورلڈ کپ میں ابھی تک اپنے بلے سے کوئی دھواں دھار اننگز نہیں کھیلی تاہم وہ آخری دو میچوں میں شاندار کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں ۔ میکسویل نے ہنستے ہوئے کہا کہ مجھے یقین نہیں ہے کہ آپ نے دیکھا ہے یا نہیں لیکن میں مسلسل 2 میچز میں ناٹ آؤٹ رہا ہوں جو میرے کیریئر میں بہت کم ہوا ہے ،اس کا مطلب ہے کہ اگر میں وہاں زیادہ وقت نہیں گزار رہا ہوں تو ٹاپ آرڈر واقعی ٹھیک جا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 09/11/2021 - 14:36:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :