منتظمین ورلڈ کپ 2015ء کیلئے سیدھی وکٹیں بنانے کی تیاری کررہے ہیں ایسے میں اسپنرز کی کامیابی کی امیدیں کم ہیں ، مائیک ہسی ،

میگا ایونٹ میں سعید اجمل اور سنیل نارائن اپنی اسپیشل صلاحیتوں کے بل پر خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں،غیر قانونی بولنگ ایکشن کے خلاف آئی سی سی کے اقدامات اور سختی قابل ستائش ہے،میچ کے دوران ایکشن کو جدید آلات کی مدد سے چیک کیا جائے، خطاب

جمعہ 29 اگست 2014 18:43

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) سابق کینگرو بیٹسمین مائیک ہسی نے کہا ہے کہ منتظمین میگاایونٹ کے لیے سیدھی وکٹیں بنانے کی تیاری کررہے ہیں ایسے میں اسپنرز کی کامیابی کی امیدیں کم ہی ہیں۔ البتہ چیمپین بولر سعید اجمل اور سنیل نارائن اپنی اسپیشل صلاحیتوں کے بل پر خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ دلچسپ بات ہے کہ سعید اجمل کو بلاشبہ میں بہترین تسلیم کیا جاتا ہے کہ لیکن ان پرمشکوک ایکشن کا دھبہ لگا کر ایکشن سے باہر کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

اگر وہ برسبین میں دیے گئے ٹیسٹ میں کامیاب نہ ہوسکے تو ان پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں سالانہ بریڈمین لنچ کے موقع پر خصوصی خطاب میں انہوں نے کہا کہ سلو بولر ز کیلیے ٹورنامنٹ یادگار ثابت نہیں ہوگا، دونوں میزبان ممالک میں اسپن بولنگ کیلیے حالات سازگار نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ میں چھوٹے گراؤنڈز اور فیلڈنگ پاور پلے کے سبب بیٹسمین اسپنرز کیخلاف زیادہ آزادانہ انداز میں اسٹروک کھیل سکتے ہیں، جبکہ آسٹریلیا میں وکٹیں بھی ان کے لیے مدد گار نہیں ہو ں گی۔

انہوں نے آئی سی سی بگ تھری سسٹم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اور کہا کہ طاقت کا تین ممالک میں ارتکاز عالمی کرکٹ کا بڑا مسئلہ ہے، اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی بولنگ ایکشن اور کرپشن بھی اہم مسائل میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بولنگ ایکشن کے خلاف آئی سی سی کے اقدامات اور سختی قابل ستائش ہے۔ تاہم موجودہ طریقہ کار میں بولرز آسانی سے نظام کو شکست دے سکتے ہیں، انہیں پکڑنا مشکل ہے جبکہ ایکشن کے درست ہونے کا نہ ہونے کا تعین کرنے کیلیے بولرز کو لیبارٹری میں بھیجنے کا عمل بھی بہت زیادہ اچھا نہیں، بہتر ہوگا کہ میچ کے دوران ایکشن کو جدید آلات کی مدد سے چیک کیا جائے،اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کا میری نظر میں یہی طریقہ ہے۔

وقت اشاعت : 29/08/2014 - 18:43:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :