چٹاگانگ ٹیسٹ: مشفیق الرحیم اور لٹن داس کی شاندار بلے بازی،بنگلہ دیش نے پہلے دن 4 وکٹوں پر 253 رنز بنالیے

لٹن ڈاس کی سنچری، مشفیق 82 پر ناٹ آئوٹ، حسن علی، شاہین آفریدی، ساجد خان اور فہیم اشرف کی ایک ،ایک وکٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 نومبر 2021 16:02

چٹاگانگ ٹیسٹ: مشفیق الرحیم اور لٹن داس کی شاندار بلے بازی،بنگلہ دیش نے پہلے دن 4 وکٹوں پر 253 رنز بنالیے
چٹا کانگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2021ء ) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز کے پہلے روز بنگلا دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا لیے ہیں۔ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے دن کے پہلے سیشن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنا لیے ہیں۔

بنگلا دیش کی جانب سے شادمان اسلام اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنرز 33 رنز پر پویلین لوٹ گئے، دونوں نے 14، 14 رنز بنائے جبکہ کپتان مومن الحق 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ نجم الحسن شنٹو نے 14 رنز بنائے۔ایک موقع پر صرف 49 رنز پر بنگلا دیش کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، اس موقع پر مشفیق الرحیم اور لٹن داس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔

(جاری ہے)

لٹن داس نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کی جبکہ مشفیق الرحیم بھی نصف سنچری سکور کر چکے ہیں۔ خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل 5 اوورز پہلے ہی ختم کر دیا گیا، کھیل ختم ہوا تو لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82رنز کیساتھ وکٹ پر موجود تھے اور بنگلا دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا لیے ہیں۔ اس سے قبل بنگلادیش کے کپتان مومن الحق نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلا دیش کی جانب سے یاسر علی جبکہ پاکستان کی جانب سے 22 سالہ عبداللہ شفیق ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے عبداللہ شفیق کو کپتان بابر اعظم نےگرین کیپ دی۔ قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ نائب کپتان محمد رضوان، عابد علی، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان اور فہیم اشرف شامل ہیں جبکہ سعود شکیل، امام الحق، سرفراز احمد، محمد نواز، زاہد محمود اور نسیم شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 26/11/2021 - 16:02:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :