مصباح الحق کی حمایت میں آفریدی اٹھ کھڑے ہوئے

جمعرات 4 ستمبر 2014 11:57

مصباح الحق کی حمایت میں آفریدی اٹھ کھڑے ہوئے

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4ستمبر 2014ء) شاہدآفریدی آؤٹ آف فارم مصباح الحق اور ٹیم مینجمنٹ کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ کپتان نے ماضی میں پاکستان کیلیے عمدہ کھیل پیش کیا ہے، وہ جلد فارم میں آجائیں گے، ایک سیریز میں ناکامی کی بنیاد پر انھیں تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں ہے،اسی طرح ٹیم مینجمنٹ نے بھی اپنی پوری کوشش کی مگر سری لنکا میں فتح نہ مل سکی، آل راؤنڈر اپنی ذاتی کارکردگی سے خوش نہیں اور آسٹریلیا سے سیریز میں ازالہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ مصباح الحق کافی عرصے سے قومی ٹیم کیلیے اچھا پرفارم کرتے چلے آ رہے ہیں، بدقسمتی سے سری لنکا میں وہ اسکور نہ کر سکے، اس پر انھیں تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ بطور کپتان ہر کھلاڑی کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں، مجھے امید ہے کہ جلد فارم بحال کر لیں گے۔ آل راؤنڈر نے کہاکہ معین خان، وقار یونس اور مشتاق احمد نے ڈریسنگ روم کا ماحول شاندار بنا دیا، تینوں سابق عظیم کرکٹرز کی موجودگی سے کھلاڑیوں کو بڑا فائدہ ہو رہا ہے، بدقسمتی سے سری لنکا میں ٹیم فتح حاصل نہ کر سکی مگر اس میں کوچز و منیجر کا کوئی قصور نہ تھا، انھوں نے اپنی بھرپور کوشش کی، اب یہ کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مستقبل کی سیریز میں اچھے نتائج دے کر کوچز کا سر فخر سے بلند کریں۔

آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی فتح کیلیے سینئرز کے ساتھ جونیئر کھلاڑیوں کو بھی اچھا پرفارم کرنا ہوگا، ورلڈ کپ سے قبل ہمیں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے اہم سیریز کھیلنی ہیں، ان میں فتح کی صورت میں بھرپور اعتماد کے ساتھ میگا ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ سری لنکا میں اپنی کارکردگی سے نالاں آل راؤنڈر نے کہا کہ ٹیم کو مجھ سے اچھے کھیل کی توقع تھی مگر میں ایسا نہ کر سکا، اب مجھے اپنی پرفارمنس پر زیادہ توجہ دینا ہوگی، میں کینگروز کیخلاف سیریز میں سابقہ ناکامی کا ازالہ کرنے کیلیے پُرعزم ہوں۔

وقت اشاعت : 04/09/2014 - 11:57:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :