پاکستان، انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال مکمل سیریز شیڈول

جمعرات 9 اکتوبر 2014 16:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء) پاکستان آئندہ سال اکتوبر میں متحدہ وعرب امارات میں انگلینڈ کی میزبانی کرے گا جہاں دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ اور ایک روزہ میچز پر مشتمل مکمل سیریز کھیلی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے حکام کے مطابق پاکستان آئندہ سال اکتوبر اور نومبر میں انگلینڈ کیخلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔

یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی غیر ملکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی زیادہ تر ہوم سیریز متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلنی پڑیں۔انگلینڈ نے 2012 میں پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اس کی جگہ متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلی تھی جہاں اس وقت کی عالمی نمبر ایک ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مہمان ٹیم سرخرو رہی تھی۔

(جاری ہے)

پی سی بی حکام نے انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد بھارت کی میزبانی کی بھی امید ظاہر کی۔حکام کے مطابق انگلینڈ کیخلاف سیریز کے فوراً بعد پاکستان دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کی میزبانی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ بھارت کے خلاف سیریز کے لیے حکومت کی اجازت درکار ہے لیکن یہ اب باقاعدہ طور پر فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے۔

آفیشل کے مطابق ان دونوں سیریز سے ہمیں بورڈ کی مالی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ 2008 میں مبئی حملوں کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان کوئی باقاعدہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور آخری مرتبہ 2007 میں دونوں ٹیموں کے درمیان مکمل سیریز کھیلی گئی تھی۔حکام کے مطابق ہم نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ہم ان کی میزبانی کریں گے جس کے بعد 2016 میں پاکستان انگلینڈ جا کر سیریز کھیلے گا۔

وقت اشاعت : 09/10/2014 - 16:26:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :