خوشی ہوگی اگر عمران ملک میرا تیز ترین بال کا ریکارڈ توڑ پائیں : شعیب اختر

اسوقت بہت زیادہ پیسرز نہیں ہیں جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو عبور کر سکیں، وہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے باولنگ کرنیوالے پیسرز کے کلب میں داخل ہوتا ہے تو مجھے خوشی ہوگی: سابق سپیڈ سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 مئی 2022 17:10

خوشی ہوگی اگر عمران ملک میرا تیز ترین بال کا ریکارڈ توڑ پائیں : شعیب اختر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2022ء ) سن رائزرز حیدرآباد کے تیز گیند باز عمران ملک نے جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022ء میں پاکستان کے لیجنڈری تیز گیند باز شعیب اختر سمیت بہت سے دیگر لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔ عمران ملک جو مستقل بنیادوں پر 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کر رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ 157 ​​کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بھی کرچکا ہے، کے بارے میں بات کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر وہ تیز ترین ڈلیوری کا عالمی ریکارڈ توڑتے ہیں تو انہیں خوشی ہوگی۔

ایک بھارتی ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ میں اس کا طویل کیریئر دیکھنا چاہتا ہوں، کچھ دن پہلے کوئی مجھے مبارکباد دے رہا تھا کیونکہ مجھے تیز ترین گیند بازی کرتے ہوئے 20 سال ہو گئے ہیں لیکن کوئی بھی یہ ریکارڈ نہیں توڑ سکا لیکن میں نے کہا یہ ریکارڈ ٹوٹنا چاہیئے، کوئی ہے جو اس ریکارڈ کو توڑ سکتا ہے، اگر عمران میرا ریکارڈ توڑ دیتے ہیں تو مجھے خوشی ہوگی لیکن اسے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ اس عمل میں زخمی نہ ہوں، میں اسے بغیر کسی چوٹ کے طویل عرصے تک کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے نہ صرف عمران کی حمایت کی بلکہ اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں اسے عالمی سطح پر اسی طرح دیکھنا چاہتا ہوں جیسا کہ وہ وہاں سے تعلق رکھتا ہے، اس وقت بہت زیادہ لوگ نہیں ہیں جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو عبور کر سکیں، ہم نے دیکھا ہے کہ عمران اس رفتار سے مسلسل باؤلنگ کر رہے ہیں۔

اگر وہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے باولنگ کرنے والے پیسرز کے کلب میں داخل ہوتا ہے تو مجھے خوشی ہوگی۔ لیکن اسے انجریز سے دور رہنا ہوگا جو اس کے کیریئر کو روک سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ عمران ملک اس وقت انڈین پریمیئر لیگ میں 22.05 کی اوسط سے 18 وکٹیں لے کر مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے چوتھے بولر ہیں۔
وقت اشاعت : 16/05/2022 - 17:10:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :