جونیئر لیگ،پاکستان کے بڑے نام ایونٹ میں نظر آئیں گے، چیئرمین پی سی بی

کتوبر میں شروع ہونے والی پہلی پاکستان جونیئر لیگ ملک میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، رمیز راجہ

بدھ 29 جون 2022 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ اکتوبر میں شروع ہونے والی پہلی پاکستان جونیئر لیگ ملک میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، لیگ کا اصل مقصد قومی کرکٹ ٹیم کے لیے بیک اپ تیار کرنا ہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نیمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر لیگ کے لیے 30 تجارتی وکاروباری اداروں نے تعاون کا یقین دلایا ہے، لیگ میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی مینٹور ہونگے،اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میاں داد لیگ کی نگرانی کریں گے۔

رمیز راجا نے کہا کہ چاروں نامور کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں کپتانی کا تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر چھ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس بھی جیت چکے ہیں، تین ٹیموں کے مقررہ تینوں مینٹورز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا بھر کی انٹرنیشنل لیگز میں کھیلنے کاوسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن کی پی جے ایل کی ٹیموں کے ڈریسنگ رومز میں موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق کپتان جاوید میانداد لیگ کے مینٹور کی حیثیت سے تمام ٹیموں کے مینٹورز کی سرپرستی کریں گے جبکہ چاروں کرکٹرزلیگ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کی مینٹورنگ کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پی جے ایل کے ایمبیسڈرز بھی ہوں گے، جو اپنے تجربے اور علم کی بدولت دنیائے کرکٹ میں لیگ کی پذیرائی کا سبب بنیں گے۔جونیئر لیگ (پی جے ایل) کی باقی تین ٹیموں کے مینٹورز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

رمیز راجا نے کہا کہ چیئرمین شپ کے آغاز میں ہی برا موقع آیا کہ دو بڑی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کردیا لیکن آئی سی سی کی میٹنگ میں معاملہ اٹھایا تو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی ملی اور انگلینڈ، نیوزی لینڈ دوبارہ دورے کی حامی بھی بھری۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس سال پی ایس ایل میں سب سے زیادہ کامیاب رہا، ہر فرنچائز کو 81 کروڑ روپے کا منافع ملے گا، پاکستان سپر لیئگ (پی ایس ایل) کو چھوٹے شہروں میں بھی لے جانا چاہتے ہیں تاکہ شائقینِ کرکٹ لطف اندوز ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی پنشن میں اضافہ ایک کاوش ہے، 250 سابق کرکٹرز کو پی سی بی میں نوکریاں دی ہیں،کرکٹ فاؤنڈیشن آئندہ تین ماہ میں اپنا کام شروع کر دے گی۔ جس کے لیے 10 کروڑ روپے منظور کیے ہیں، مزید مالی تعاون بھی ملے گا۔رمیز راجا نے کہاکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے ساتھ لاہور اور ملتان میں 70،70 کمرے تعمیر کریں گے، کراچی میں ہوٹل کیلئے پی آئی اے کی زمین پر بات چیت چل رہی ہے، یہاں پر نئی اسکرین کی تنصیب کے ساتھ ایل ای ڈی لائٹس اور نئی کرسیاں بھی لگائی جائیں گی۔

ہاسپیٹیلیٹی باکسز کی ازسر نو تعمیر ہوگی ،ہم اسٹیڈیمز میں تماشائیوں کی استعداد بڑھانا چاہتے ہیں تاہم ان تمام مقاصد کے لیے بہت بڑی رقم کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور پاکستان کے موقف کی تائید بھی کی گئی ہے، اگلے ماہ آئی سی سی کے ہونے والے اجلاس میں پاکستان تجارتی منافع میں اپنا حصہ بڑھانے پر زور دے گا۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ جب آپ چیف سلیکٹر محمد وسیم سے کہیں کہ وہ تو لیپ ٹاپ لے کر بیٹھ جاتے ہیں، جیسی پیڈلائن لگائیں گے تو کھلاڑی میڈ سے دور ہی بھاگیں گے، میڈیا کو خبروں کی سرخیاں لگانے میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 29/06/2022 - 22:58:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :