اروشی روٹیلا اور بھارتی کرکٹر رشبھ پنٹ کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ جاری

لوگ کیسے خبروں میں رہنے، سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے انٹرویوز میں جھوٹ بولتے ہیں، میرا پیچھا چھوڑ دو بہن،رشبھ پنٹ،چھوٹے بھائی آپکو کرکٹ کھیلنا چاہیے،میں کوئی منی نہیں ہوں جو ڈارلنگ تیرے لئے بدنام ہوجائوںگی:اروشی روٹیلا

ہفتہ 13 اگست 2022 13:18

اروشی روٹیلا اور بھارتی کرکٹر رشبھ پنٹ کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ جاری
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا اور بھارتی کرکٹر رشبھ پنٹ کے درمیان ان دنوں سوشل میڈیا پر لفظی جنگ جاری ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ اور بھارتی کرکٹر کے درمیان یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی جب گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں اروشی نے بظاہر رشبھ پنٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ایک شخص جس کا نام’آر پی‘ہے نے مجھ سے ملنے کیلئے ہوٹل میں کئی گھنٹے انتظار کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں ایک بار نئی دہلی میں شوٹنگ کررہی تھی تو مجھے تیار ہونے میں وقت لگا ، مسٹر آر پی مجھ سے ہوٹل کی لابی میں ملنے آئے لیکن تقریبا 10گھنٹے گزر جانے کے بعد میں اپنے کمرے میں جاکر سو گئی، میں نے کوئی فون کالز نہیں اٹھائی ، جب میں اٹھی تو 16کالز آئی ہوئی تھیں، مجھے کافی برا لگا کہ کسی کو مجھ سے ملنے کیلئے اتنا انتظار کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

اروشی نے بتایا کہ پھر میں نے اس شخص سے کہا کہ جب تم ممبئی آ گے تب ملاقات کریں گے، تاہم پھر ہم ممبئی میں ملے۔انٹرویو وائرل ہونے کے بعد بھارتی کرکٹر نے انسٹاگرام پر ایک سٹوری لگائی جسے انہوں نے بعد میں ہٹا دیا تھا۔ رشبھ پنٹ نے اپنی سٹوری میں بظاہر اروشی روٹیلا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کیسے خبروں میں رہنے اور سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے انٹرویوز میں جھوٹ بولتے ہیں، میرا پیچھا چھوڑ دو بہن۔

رشبھ پنٹ کی یہ انسٹاگرام اسٹوری وائرل ہوگئی جس کے بعد اداکارہ نے بھی سوشل میڈیا پر بھارتی کرکٹر کو جواب دیا۔اروشی روٹیلا نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے بظاہر رشبھ پنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بھائی آپ کو کرکٹ کھیلنا چاہیے،میں کوئی منی نہیں ہوں جو ڈارلنگ تیرے لئے بدنام ہوجائوں گی۔
وقت اشاعت : 13/08/2022 - 13:18:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :