ارشد ندیم کے شہر میاں چنوں میں جدید سہولیات سے آراستہ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، صوبائی وزیر ملک تیمور مسعود

منگل 16 اگست 2022 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے گزشتہ رات کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی گیمز میں جیولن تھرو میں سونے کے تمغے جیت کر واپس وطن پہنچنے پر اولمپئن ارشد ندیم کاعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

صدر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان میجر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، ایڈمنسٹریٹر نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس جمنازیم ہال مصطفی شاہ، ارشد ندیم کا خاندان ودیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی گیمز میں سونے کے تمغے جیت کر دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کے شہر میاں چنوں میں جدید سہولیات سے آراستہ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ارشد ندیم کی کامیابی نوجوان اتھلٹیس کے لئے مثال بن چکی ہے کہ محنت سے منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔ صوبائی وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اپنے ہیروز کو بھرپور خراج تحسین پیش کریں گے۔

محمد طارق قریشی نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا ہیرو ہے، ایک ہفتہ میں دو گولڈ میڈلز جیت کر قومی کو آزادی کی حقیقی خوشی دی ہے، ارشد ندیم کی مستقبل کامیابیوں کیلئے دعاگو ہیں ۔اولمپیئن اتھلیٹ ارشد ندیم نے صوبائی وزیراور ڈی جی سپورٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے بہت تعاون کیا۔عالمی مقابلوں کی تیاری کیلئے ان کے گرانڈز استعمال کرتا رہا ہوں جس کی وجہ سے بھرپور تیاری کی اور کامیابی حاصل کی۔
وقت اشاعت : 16/08/2022 - 22:50:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :