چیف سلیکٹر محمد وسیم پر ’پسندیدہ‘ آصف علی اور افتخار احمد کو منتخب کرنے پر شدید تنقید

آصف علی اور افتخار احمد فیل ہونے کے باوجود سکواڈ میں ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ وسیم کے فیورٹ ہیں: صادق محمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 ستمبر 2022 13:16

چیف سلیکٹر محمد وسیم پر ’پسندیدہ‘ آصف علی اور افتخار احمد کو منتخب کرنے پر شدید تنقید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2022ء ) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں جن میں چیف سلیکٹر محمد وسیم کو تبدیل کیا جائے۔ صادق محمد نے ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کی 23 رنز سے شکست پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلیکشن کمیٹی خصوصاً محمد وسیم کو تبدیل کرنے کا صحیح وقت ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ آصف علی اور افتخار احمد کو بہت چانس ملے تاہم انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن پھر بھی انہیں سکواڈ میں رکھا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ وسیم کے فیورٹ ہیں۔ غور طلب ہے کہ ایشیا کپ میں تسلی بخش کارکردگی پیش کرنے میں ناکامی کے بعد پاکستان کا مڈل آرڈر شدید تنقید کی زد میں ہے۔

(جاری ہے)

افتخار نے 31 میں 32 رنز بنائے اور آصف علی فائنل میں اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی بولڈ ہو گئے۔

آصف علی اور افتخار احمد کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صادق محمد نے مزید کہا کہ یہ کلب سطح کے بلے باز ہیں جو علاقائی ٹیموں میں شامل ہونے کے بھی مستحق نہیں، کیونکہ وہ مستحق نوجوانوں کو محروم کر دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے۔ سکواڈ میں کچھ نئے چہرے ہو سکتے ہیں۔ بابر اعظم کی زیرقیادت ٹیم 20 ستمبر سے ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف سات میچوں کی T20I سیریز کھیلے گی اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء سے قبل سہ فریقی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کا بھی دورہ کرے گی۔
وقت اشاعت : 14/09/2022 - 13:16:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :