ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ، جاپانی خاتون ریسلرزسب سے زیادہ میڈلز کے ساتھ سر فہرست

جمعہ 16 ستمبر 2022 11:43

بلغراد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2022ء)   جاپان کی خواتین ریسلرز ٹیم نے سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ 190 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ امریکہ 157 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور چین 84 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔جاپان کی سوگومی ساکورائی نے 57 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں امریکا کی ہیلن لوئس مارولیس کو 0-3 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا، جبکہ 59 کلوگرام ویٹ کیٹیگری کے فائنل میں مالدووا کی اناستاسیا نکیتا نے ناروے کی گریس جیکب بلنک1-4 سے شکست دی۔

جاپان کی سوگومی ساکورائی کی جیت سے ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ میں جاپان کے طلائی تمغوں کی تعداد سب سے زیادہ پانچ ہوگئی ، یوئی سوساکی نے 50 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں منگولیا کی اوٹگونجرگل ڈولگورجاو کویکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح 65 کلوگرام ویٹ کیٹیگری کے مقابلے میں جاپان کی میوا موریکاوا نے چین کی جیا لونگ کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔

جاپانی ریسلر شیڈوچی مکیدا نے 55 کلوگرام مقابلوں کے فائنل میں یوکرین کی اولیکسینڈرا خومینیٹس کو باآسانی 0-10سے شکست دی اور جاپان کی ہی 19 سالہ ریسلر نونوکا اوزاکی نے 62 کلوگرام مقابلوں کے فائنل میں حریف امریکی کائلہ میرکل کو 0-10 سے مات دی۔دیگر کیٹگریز میں امریکا کی تمیرا ماریاما سٹاک مینسا نے جاپان کی امی ایشی کو 0-6 سے شکست دے کر 68 کلوگرام مقابلے میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا اور ان کے ہم وطن امیت ایلور نے قازقستان کی زمیلا باکبرجینوا کو 0-10 سے شکست دے کر 72 کلو گرام ویٹ کے مقابلے کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ 10 سے 18 ستمبر تک سربیا کے دارالحکومت میں ہو رہی ہے، جس میں 800 سے زائد کھلاڑی گریکو رومن، مردوں کے فری سٹائل اور خواتین کے فری سٹائل مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 16/09/2022 - 11:43:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :