آئی سی سی کا میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں پاک بھارت ٹیسٹ میچ کروانے پر غور

آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ یا پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹرائنگولر سیریز کی میزبانی کے حوالے سے بات چیت ہو رہی ہے: سائمن او ڈونل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 31 اکتوبر 2022 16:18

آئی سی سی کا میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں پاک بھارت ٹیسٹ میچ کروانے پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اکتوبر 2022ء ) آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مستقبل قریب میں تاریخی میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر غور کر رہی ہے۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ 2022ء کے T20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کو دیکھ کر آئی سی سی کے اعلیٰ افسران حیران رہ گئے تھے، جس نے MCG میں کھچا کھچ بھرے ہجوم کے سامنے اپنی توجہ ٹیسٹ میچ کی میزبانی پر مرکوز کر دی ۔

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر سائمن او ڈونل نے ایک آسٹریلوی نیوز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاک بسٹر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے مقابلے کے تناظر میں پاک بھارت ٹیسٹ میچ کے بارے میں بات چیت پہلے ہی جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ یا پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹرائنگولر سیریز کی میزبانی کے حوالے سے بات چیت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان 2022ء کے T20 ورلڈ کپ کے میچ کو کرکٹ کی تاریخ کے سب سے دلچسپ T20 میچوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ میچ کی آخری گیند پر ایک متنازعہ نو بال کے درمیان، ہندوستان فاتح بن کر ابھرا، ویرات کوہلی نے اپنی ٹیم کو مین ان گرین کے خلاف تاریخی جیت دلائی۔ اس سال دونوں ٹیموں کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی جسے ایک غیر معمولی واقعہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ کرکٹ کے میدان میں حریف شاذ و نادر ہی آمنے سامنے آتے ہیں ۔ ہمسایہ ممالک کے درمیان آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ 2007ء میں پاکستان کے دورہ بھارت کے دوران ہوا تھا۔
وقت اشاعت : 31/10/2022 - 16:18:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :