فیفا ورلڈکپ کا ایک اور اپ سیٹ

میچ کے آخری چند منٹوں میں پانسہ پلٹ گیا، 4 مرتبہ کی چیمپئن جرمنی کو جاپان کے ہاتھوں شکست

muhammad ali محمد علی بدھ 23 نومبر 2022 20:24

فیفا ورلڈکپ کا ایک اور اپ سیٹ
دوحہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 نومبر 2022ء) فیفا ورلڈکپ کا ایک اور اپ سیٹ، میچ کے آخری چند منٹوں میں پانسہ پلٹ گیا، 4 مرتبہ کی چیمپئن جرمنی کو جاپان کے ہاتھوں شکست۔ تفصیلات کے مطابق قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے دوران بڑے اپ سیٹس ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز فٹبال کی دنیا نے عالمی کپ کے دوران ایک اور حیران کن اپ سیٹ دیکھا، جب دوحہ کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ای کے میچ میں جاپان نے میچ کے آخری محض 8 منٹوں کے دوران یکے بعد دیگرے گول کرتے ہوئے 4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن رہنے والی جرمنی کو دھول چٹا دی۔

 جرمن ٹیم نے میچ کے بیشتر حصے میں کھیل پر اپنا کنٹرول رکھا تاہم اس کے باوجود جاپان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا رخ نہ موڑ سکی۔

(جاری ہے)

جرمنی نے کھیل کے پہلے ہاف کے 33 ویں منٹ میں پیلنٹی کی مدد سے جاپان کے خلاف گول اسکور کیا جس کے بعد پہلے ہاف کے اختتام تک جرمنی کو ایک گول کی برتری حاصل رہی۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی جرمنی نے دفاعی انداز اپناتے ہوئے بیشتر وقت کھیل کو مخالف ٹیم کے گول پوسٹ میں کھیلتے گزارا، اس دوران مزید برتری حاصل کرنے کی کوشش بھی کی گئی جسے جاپانی ڈیفنڈرز نے ناکام بنایا۔

کھیل کے 75 ویں منٹ میں جاپان نے میچ میں اپنا پہلا گول کرتے ہوئے میچ کو برابر کردیا، جبکہ اس گول کے محض 8 منٹ کے بعد جاپان نے ایک اور گول کر کے برتری حاصل کر لی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ روز فیفا ورلڈکپ کی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ ہوا، جب سعودی عرب نے 2 دفعہ عالمی چیمپئن رہنے والی ارجنٹینا کو شکست دے دی تھی۔ سعودی عرب پہلا عرب اور ایشیائی ملک ہے جس نے فٹبال ورلڈکپ میں ارجنٹینا کو شکست سے دوچار کیا۔
وقت اشاعت : 23/11/2022 - 20:24:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :