سعودیہ کی ارجنٹینا کیخلاف ناقابل یقین فتح پر ٹیم کو رولز رائس سے نوازنے کی خبروں کی تردید

رولز رائس فینٹم کے حوالے سے تمام خبریں جھوٹی ہیں،جیت اصل تحفہ ہے ،ٹیم کو کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ‘فٹبالر صالح الشہری

ہفتہ 26 نومبر 2022 18:53

سعودیہ کی ارجنٹینا کیخلاف ناقابل یقین فتح پر ٹیم کو رولز رائس سے نوازنے کی خبروں کی تردید
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2022ء) سعودی ولی عہد نے فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں سعودی عرب کی حیران کن فتح پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو شاہی خاندان کی جانب سے رولز رائس بطور تحفہ دینے کے اعلان کے حوالے سے گردش کرتی تمام خبروں کی حقیقت کھل گئی۔تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا اداروں کی جانب سے خبریں گردش کر رہی تھی کہ سعودیہ کی فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں ناقابل شکست ارجنٹینا کے خلاف میچ میں شاندار جیت پر شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کیا ہے کہ قطر سے واپسی پر شاہی خاندان کی جانب سے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو 6 ملین کی رولز رائس فینٹم تحفے میں پیش کی جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا اداروں کی جانب سے کئے گئے تمام دعوے جھوٹے ہیں، ان کی حقیقت سامنے آگئی۔سعودی عرب بقابلہ ارجنٹینا کے میچ کے دوران اڑتالیسویں منٹ میں سعودی عرب کی جانب سے پہلا گول کرنے والے اسٹرائیکر صالح الشہری نے پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں ایسی گردش کرتی تمام خبروں کی تردید کردی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ رولز رائس فینٹم کے حوالے سے تمام خبریں جھوٹی ہیں، ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ فٹبال چمپئن کے خلاف سعودیہ کی جیت ہی ان کے لیے اصل تحفہ ہے انہیں یا ٹیم کو کسی اور چیز کی ضرورت نہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ یہ افواہ 1994ء کے ورلڈ کپ سے شروع ہوئی جب سعودی عرب نے سب سے کم درجہ کی ٹیموں میں سے ایک ہونے کے باوجود دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی۔ٹیم کے وطن واپس پہنچنے کے بعد، بادشاہ نے بیلجیئم کے خلاف گول کرنے پر اسٹرائیکر سعید العویران کو رولز رائس تحفے میں دی۔تاہم حالیہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران ایسا کوئی اعلان سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے تاحال نہیں کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 26/11/2022 - 18:53:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :