کراچی ٹیسٹ، پاکستان پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آئوٹ

بابر اعظم کل کے سکور میں اضافہ نہ کرسکے، سلمان علی آغا کی پہلی ٹیسٹ سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 27 دسمبر 2022 13:35

کراچی ٹیسٹ، پاکستان پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آئوٹ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 دسمبر 2022ء ) کراچی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم 438 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان نے سنچریاں سکور کیں ،قومی ٹیم نے 130.5 اوورز بیٹنگ کی۔ پاکستان نے 317 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم دوسرے روز پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساوتھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔ آغا سلمان نے ایک اینڈ سنبھال لیا تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ نعمان علی کو 7 رنز پر نیل ویگنر اور محمد وسیم کو 2 رنز پر اش سودھی نے آؤٹ کیا تاہم آغا سلمان نے ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی اور نصف سنچری بنائی۔ کھانے کے وقفے کے بعد میر حمزہ کو 1 رن پر اش سودھی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔

(جاری ہے)

آخری کھلاڑی کے ساتھ کریز پر موجود آغا سلمان نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ آغا سلمان کو 103 رنز پر ٹِم ساؤتھی نے آؤٹ کیا۔ قومی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی تین وکٹیں 48 کے اسکور پر گرگئیں جب کہ چوتھی وکٹ 110 رنز پر گری جس کے بعد کپتان بابراعظم اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 196 رنز بنائے گئے، کھیل کے آخری اوورز میں سرفراز احمد 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 7 رنز، شان مسعود 3 رنز، امام الحق 24 رنز اور سعود شکیل 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ قومی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بلے باز امام الحق کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سرفراز احمد نے تقریباً 4 سال قبل 2019ء میں بحیثیت کپتان جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ سرفراز احمد ہوم گراؤنڈ پر اپنا میچ کھیل رہے ہیں۔ فاسٹ بولر میر حمزہ نے آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ 2018 میں کھیلا تھا۔
وقت اشاعت : 27/12/2022 - 13:35:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :