رونالڈو اور میسی کا میچ‘ سعودی شہری نے 1 کروڑ ریال میں ٹکٹ خرید لی

سعودی عرب کے تاجر مشرف الغامدی نے گولڈن ٹکٹ پر سب سے زیادہ ایک کروڑ ریال کی بولی لگائی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 جنوری 2023 14:20

رونالڈو اور میسی کا میچ‘ سعودی شہری نے 1 کروڑ ریال میں ٹکٹ خرید لی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2023ء ) سعودی عرب میں رونالڈو اور میسی کے میچ کی ٹکٹ ایک کروڑ ریال میں فروخت ہوگئی۔ سعودی گزٹ کے مطابق النصر اور الہلال آل سٹارز اور فرانس کے پیرس سینٹ جرمین کے درمیان 19 جنوری کو ہونے والے ریاض سیزن کپ میچ میں دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی میسی، نیمار، ایمباپے اور کرسٹیانو رونالڈو ریاض میں براہ راست مقابلہ کرتے ہوئے نظر آئیں گے، اس میچ کا جوش بہت زور پکڑ گیا ہے، جس کے تمام ٹکٹ میچ سے 2 ہفتے قبل چند گھنٹوں کے اندر ہی فروخت ہو گئے، تاہم سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (GEA) کے سربراہ ترکی الشیخ نے ایک خصوصی مراعات یافتہ ٹکٹ کے لیے ایک بین الاقوامی نیلامی کا آغاز کیا ہے، جسے "بیونڈ امیجنیشن" کہا جاتا ہے، اس ٹکٹ ہولڈر کو کھلاڑیوں سے ملنے اور میدان تک رسائی کی اجازت ہوگی، ٹکٹ ہولڈر میچ کے بعد پریزنٹیشن تقریب کے دوران سٹار کھلاڑیوں میسی، رونالڈو، ایمباپے اور نیمار سے ملاقات کرسکے گا، کھلاڑیوں کے ساتھ کھانا کھائے گا جب کہ ریاض کے کنگ فہد اسٹیڈیم میں ان کے لاکر روم تک رسائی اور ٹرافی پیش کرنا ٹکٹ کے اضافی فوائد ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس ٹکٹ کی نیلامی 9 جنوری کو 10 لاکھ سعودی ریال کی ابتدائی قیمت کے ساتھ شروع ہوئی اور یہ نیلامی 17 جنوری کو ختم ہوگئی، بولی کے شروع میں ترکی الشیخ نے بتایا کہ سعودی تاجر عبدالعزیز بغلیف نے ٹکٹ کے لیے 25 لاکھ ریال کی سب سے بڑی پیشکش کی ہے اور دوسرے بولی دہندگان سے دلچسپی ظاہر کرنے کے لیے کہا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی سعودی تاجر نے اپنی بولی 30 لاکھ ریال تک بڑھادی، اس دوران سعودی تاجر خالد المشرف نے ابتدائی طور پر 70 لاکھ ریال کی پیشکش کی اور جلد ہی انہوں نے اپنی بولی بڑھا کر 90 لاکھ ریال کر دی تاہم سعودی عرب کی Azom ٹیک کمپنی کے مالک محمد المناجم نے 93 لاکھ ریال کی پیشکش کرڈالی، اس کے ساتھ انہوں نے میچ میں شرکت کرنے والے یتیم بچوں کو الیکٹرانک آلات دینے کا بھی وعدہ کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ بولی لگانے والے ٹکٹ کے لیے اپنی پیشکش بڑھاتے رہے اور 10 روز تک سپیشل ٹکٹ پر بولی لگتی رہی یہاں تک کہ اس کی قیمت ایک کروڑ ریال تک پہنچ گئی کیوں کہ معروف تاجر مشرف الغامدی نے اس پر ایک کروڑ ریال کی بولی لگا دی، بولی کا وقت اور تاریخ ختم ہونے پر انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ٹکٹ خریدنے والے تاجر مشرف الغامدی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اپنے بھائی مشرف الغامدی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے خیراتی اور فلاحی کام میں حصہ ڈالا کیوں کہ اس سپیشل ٹکٹ کی پوری رقم سعودی نیشنل پلیٹ فارم فار چیریٹیبل ورک (احسان) کو جائے گی۔
وقت اشاعت : 18/01/2023 - 14:20:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :