کراچی باسکٹ بال کلب نے چھٹا کمشنر کراچی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

جون میں قومی وومین باسکٹ بال چیمپیئن شپ موسم گرما کی تعطیلات میں کوچنگ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، کمشنر کراچی

پیر 20 فروری 2023 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2023ء) کراچی باسکٹ بال کلب نے بحریہ کلب کو 41-42 پوائنٹس سے شکست دے کر چھٹا کمشنر کراچی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا، انٹرنیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ پر کھیلے گئے فائنل کے موقع پر سینکڑوں شائقین کی موجودگی میں مہمان خصوصی ہردل عزیز کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے انعامات تقسیم کئے، فائنل میں کے بی بی سی کی جانب سے راج کمار لکھوانی نے 12 سعد شمسی نے 12 اور زین تنویر نے 10 پوائنٹس اسکور کئے جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے دانش خان نے 15 عون اکرم نے 10 اور زہیب خان نے 9 پوائنٹس اسکور کئے، فائنل میچ کو طارق حسین، عامر شریف اور محمد اشرف نے سپروائز کیا، اس موقع پر کمشنر کراچی نے تالیوں کی گونج میں اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرسرپرستی کراچی کی انتظامیہ نے دہشت گردوں کو کھلاڑیوں اور شہریوں کے تعاون سے شکست دے دی اور دنیا کے تمام دہشت گرد سن لیں کہ آج کا یہ پرجوش اجتماع جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے وہ KPO واقعہ سے خوفزدہ نہیں ہیں اور یہ افراد دہشت گردی کا ہر سطح پر مقابلہ کرینگے ، انھوں نے اعلان کیا کہ جون میں قومی وومین باسکٹ بال چیمپین شپ تاریخی انداز میں منعقد کی جائے گی کمشنر کراچی نے اعلان کیا کہ موسم گرما کی تعطیلات میں ایک بے مثال کوچنگ کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس کو کمشنر آفس اسپانسر کرے گا انھوں نے ٹورنامنٹ میں گرلز کھلاڑیوں کی بے مثال ریکارڈ شرکت پر غلام محمد خان صدر اور کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کو مبارکباد دی، قبل ازین ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیرمین خالد جمیل شمسی، SOA کے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور غلام محمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ روٹرین صدف جان بلوچ نے KPO کے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کرائی، فائنل کا مین آف دی میچ راج کمار لکھوانی مین آف دی ٹورنامنٹ عون اکرم کو قرار دیا گیا جبکہ عثمان کلب کے مبارز احمد کو ابھرتا ہوا کھلاڑی اس کے علاوہ دانیال مروت، محمد معاز، عبدالصمد اور حسن علی کو کمشنر کراچی کی جانب سے خصوصی نقد انعامات دئے گئے، گرلز ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بحریہ کالج کی آمنہ راشد کو قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 20/02/2023 - 23:02:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :