افغانستان کیخلاف سیریز کے بعد بابر اور رضوان کو زیادہ عزت ملے گی: شاداب خان

تجربات کرنے چاہئیں، میں اس کی حمایت کرتا ہوں، اس طرح ہماری قوم اور میڈیا والوں کو پتہ چلے گا کہ کھلاڑی کے تجربے کی بھی اہمیت ہوتی ہے: قومی ٹی ٹونٹی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 مارچ 2023 11:39

افغانستان کیخلاف سیریز کے بعد بابر اور رضوان کو زیادہ عزت ملے گی: شاداب خان
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 مارچ 2023ء ) پاکستانی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان شاداب خان نے ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی اہمیت کے حوالے سے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف سیریز کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان کو پہلے سے زیادہ عزت ملے گی۔ افغانستان سے دوسرے ٹی ٹونٹی اور سیریز میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہم لوگ ہی اپنے پلیئرز پر تنقید کرتے ہیں، رضوان اور بابر اعظم پر سست رفتاری سے کھیلنے پر تنقید ہوتی رہی ہے، ان کے اسٹرائیک ریٹ پر باتیں ہوتی ہیں۔

شاداب خان نے کہا کہ بطور قوم ہم چاہ رہے تھے کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے کیوں کہ وہ اچھے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتے ہیں، وہ غلطیاں بھی کریں گے، وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیلنا شروع کردیں گے، پلیئرز بننے میں ٹائم لگتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم میں نئے پلیئرز کو شامل کرنے پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ تجربات کرنے چاہئیں، میں اس کی حمایت کرتا ہوں، اس طرح ہماری قوم اور میڈیا والوں کو پتہ چلے گا کہ کھلاڑی کے تجربے کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سینئرز کی جس طرح کی پرفارمنس تھی انہیں اس طرح سے عزت نہیں ملی، مجھے لگتا ہے اس سیریز کے بعد ہماری قوم اور میڈیا کی طرف سے انہیں بہت زیادہ عزت ملے گی۔ واضح رہے کہ افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
وقت اشاعت : 27/03/2023 - 11:39:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :