کم ترین ون ڈے اننگز میں 10 سنچریاں ، فخر زمان نے بابر اعظم کا ریکارڈ توڑ دیا

کوئنٹن ڈی کوک نے 55 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا، ہاشم آملا 57 اننگز میں 10 ون ڈے سنچریاں بنا کر دوسرے، فخر 67 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیکر تیسرے، بابر 68 اننگز میں 10 سنچریاں بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 مئی 2023 14:43

کم ترین ون ڈے اننگز میں 10 سنچریاں ، فخر زمان نے بابر اعظم کا ریکارڈ توڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مئی 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹر فخر زمان نے کم ترین ون ڈے اننگز میں 10 سنچریاں سکور کرنے کا بابر اعظم کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے یہ سنگ میل نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران عبور کیا۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں فخر نے 144 گیندوں پر 180 رن بناکر ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں 17 چوکے اور 6 بلند بالا چھکے شامل ہیں۔

فخر زمان اب تک 67 ون ڈے اننگز میں 49.70 کی اوسط اور 94.30 کے سٹرائیک ریٹ سے 3082 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 10 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ کم ترین ون ڈے اننگز میں 10 سنچریاں سکور کرنے کا عالمی ریکارڈ جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کے پاس ہے جنہوں نے 55 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا ۔

(جاری ہے)

ہاشم آملا 57 اننگز میں 10 ون ڈے سنچریاں بنا کر دوسرے، فخر زمان 67 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیکر تیسرے، بابر اعظم 68 اننگز میں 10 سنچریاں بنا کر چوتھے جب کہ ویسٹ انڈیز کے شے ہوپ 74 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیکر 5ویں نمبر پر ہیں ۔

یاد رہے کہ فخر زمان مسلسل تین ون ڈے سنچریاں بنانیوالے بھی چوتھے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔ فخر زمان نے رواں برس جنوری میں کراچی میں نیوزی لینڈ ہی کیخلاف ہونے والی تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بھی سنچری کی تھی۔
وقت اشاعت : 02/05/2023 - 14:43:43