پاکستان ویمنزکپ ، ڈائنا مائٹس نے بلاسٹرز کو 78 رنز سے ہرادیا، سدرہ امین کے 95رنز

پیر 29 مئی 2023 20:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2023ء) پاکستان ویمنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں ڈائنامائٹس نے بلاسٹرز کو 78رنز سے شکست دیدی، یہ ڈائنامائٹس کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔اسٹیٹ بینک گرائونڈ میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بلاسٹرز کی کپتان منیبہ علی نے جیتا اور ڈائنامائٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے45اوورز میں4وکٹوں پر214رنز بناڈالے جو اس ٹورنامنٹ میں ابتک سب سے بڑا اسکور ہے، کپتان سدرہ امین کے 95رنز قابل ذکر ہیں، خدیجہ چشتی کے 5رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد سدرہ امین اور بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 130رنز کا اضافہ کیا، سدرہ امین صرف 5 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکیں اور95رنز بناکر صبا نذیر کی گیند پر منیبہ علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں، بسمہ معروف کو بھی صبا نذیر نے آئوٹ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے 95گیندوں پر 65رنز اسکورکئے، بلاسٹرز کی طرف سے صبا نذیر اور ڈیانا بیگ نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔۔جواب میں بلاسٹرز کی ٹیم 37.3 میں 136 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، بلاسٹرز کی طرف سے عائشہ ظفر اور دعا ماجد نے پہلی وکٹ کی شراکت میں42رنز کا اضافہ کیا لیکن دونوں یکے بعد دیگرے آئوٹ ہوگئیں۔ عائشہ ظفر 5 چوکوں کی مدد سے30رنز بناکر رامین شمیم کی گیند پر بسمہ معروف کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔

دعا ماجد 9رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئیں، کپتان منیبہ علی نے57گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 33رنز بنائے جو بلاسٹرز کی اننگز میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ثابت ہوا۔ڈائنامائٹس کی طرف سے رامین شمیم نے 25رنز دے کر3وکٹیں حاصل کیں۔ نشرہ سندھو،ماہم منظور اور غلام فاطمہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 29/05/2023 - 20:37:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :