ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میچ کھیل کر ریٹائرمنٹ کی خواہش ظاہر کر دی

ڈیوڈ وارنر نے اپنے کیریئر کے دوران اب تک 103 ٹیسٹ کھیلے ہیں، جس میں 45.57 کی اوسط سے 8158 رنز بنائے ، رپورٹ

اتوار 4 جون 2023 15:00

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال جنوری میں اپنے ہوم گراؤنڈ سڈنی میں پاکستان کے خلاف میچ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف اگلے ہفتے ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا حصہ ہوں گے، اس وقت وہ انگلینڈ میں ہیں، جہاں انہوں نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فوراً بعد انگلینڈ کے ساتھ پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں کھیلنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں کئی عرصے سے کہتا آرہا ہوں کہ 2024 میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میرے کیریئر کا اختتام ہوگا، یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔

(جاری ہے)

وارنر نے کہا کہ میں خود سمیت اپنے خاندان کا مقروض ہوں، اگر میں یہاں رنز بنا سکتا ہوں اور آسٹریلیا میں کھیلنا جاری رکھ سکتا ہوں ، تو میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ میں وہ ویسٹ انڈیز سیریز نہیں کھیلوں گا، اس کے لیے مجھے رنز کرنا ہوں گے۔

آسٹریلوی اوپنر نے یہ بھی کہا کہ ریٹائرمنٹ کی تاریخ کا اعلان کرنے کے باوجود ان کا ذہن تبدیل نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ وہ اپنا ہر کھیل آخری سمجھ کر کھیلتے ہیں۔خیال رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے اپنے کیریئر کے دوران اب تک 103 ٹیسٹ کھیلے ہیں، جس میں 45.57 کی اوسط سے 8158 رنز بنائے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم دسمبر 2023 سے جنوری 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گی اور اس سیریز کو بینو قادر ٹرافی کے نام سے منسوب کیا گیا ۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں شیڈول ہے۔
وقت اشاعت : 04/06/2023 - 15:00:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :