بھارتی بیٹرز بابر اعظم سے سوئنگ ہوتی گیند کھیلنی سیکھیں : ناصر حسین

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کے سینیئر بلے بازوں کا کھیل دیکھ کر مجھے بہت مایوسی ہوئی: سابق برطانوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 جون 2023 15:56

بھارتی بیٹرز بابر اعظم سے سوئنگ ہوتی گیند کھیلنی سیکھیں : ناصر حسین
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2023ء ) سابق برطانوی کپتان ناصر حسین نے ہندوستانی بلے بازوں کو بابر اعظم اور کین ولیمسن سے بیٹنگ کے گر سیکھنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ایک سپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے 54 سالہ ناصر حسین کا کہنا تھا کہ روہت شرما اور شبمان گل پر مشتمل بھارتی ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو پاکستان کے بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن سے سیکھنا چاہیئے کہ سوئنگ اور سیم ہوتی گیندوں کو کس طرح کھیلا جاتا ہے ۔

ناصر حسنین کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کے سینیئر بلے بازوں کا کھیل دیکھ کر مجھے بہت مایوسی ہوئی، میرے کمنٹس پر بھارتی مداح تنقید تو کریں گے لیکن میں پھر بھی کہوں گا کہ ہندوستانی بیٹرز کو بابر اعظم اور کین ولیمسن کی بیٹنگ دیکھ کر سیکھنا چاہیئے کہ جب گیند سوئنگ اور سیم ہورہی ہو تو کیسے کھیلا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سابق برطانوی کپتان اور بلے باز کا کہنا تھا کہ بابر اور ولیمسن کی کامیابی کی وجہ یہ ہے کہ وہ سوئنگ ہوتی گیند کو کھیلنے میں جلدی نہیں کرتے بلکہ جتنا ہوسکے لیٹ کھیلتے ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا آئی سی سی کے تمام ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ آسٹریلیا نے 1987ء، 1999ء، 2003ء، 2007ء اور 2015ء میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس نے 2006ء اور 2009ء میں لگاتار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا جب کہ ورلڈ ٹی ٹوٹنی 2021ء کی ٹرافی بھی جیتی ۔
وقت اشاعت : 12/06/2023 - 15:56:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :