کرکٹ بورڈ نے نئے سیزن 2023-24کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان

منگل 13 جون 2023 22:32

کرکٹ بورڈ نے نئے سیزن 2023-24کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2023ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سیزن 2023-24کے لئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا گیا۔ اس سیزن کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں چار سال بعد دوبارہ ریجنل اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ سیزن میں میچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔گزشتہ سیزن میں فرسٹ الیون کے مجموعی طور پر 97میچز کھیلے گئے تھے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 2014 کے آئین کی بحالی کے بعد 24-2023 کے سیزن میں فرسٹ الیون کے تقریباً 200 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کارکردگی کے سالانہ جائزے اور ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر کیٹگری میں میچ آفیشلز کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے جس سے ان میچ آفیشلز کو موجودہ سسٹم میں کام کرنے کے نہ صرف مزید مواقع ملیں گے بلکہ ان کے لیے آمدنی میں اضافے کے مواقع بھی موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایلیٹ اور سپلیمنٹری پینل کے ماہانہ ریٹینر میں بیس فیصد اضافہ کردیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ آفیشلز کی میچ فیس ،ڈیلی الائونسز اور ریٹائرمنٹ کے فوائد میں بھی بیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل کی تعداد میں سات کا اضافہ کردیا ہے یہ تعداد اب 13 ہوگئی ہے۔ سات نئے میچ آفیشلز میں علیم خان موسی، اطہر لئیق، بلال خلجی، کامران چودھری، خالد جمشید، محمد اسلم اور سہیل ادریس شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ بیک وقت آٹھ فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے ایلیٹ امپائرز کے پینل کی تعداد بھی 14سے بڑھاکر 23کردی ہے۔9 میچ آفیشلز کو سپلیمنٹری سے ایلیٹ پینل میں ترقی دی گئی ہے ان میں عبدالمقیط، اسلم بریچ،فاروق علی خان ، غلام سرور،عمران اللہ اسلم ،کاشف سہیل ، ماجد حسین ، قیصر خان اور ذوالفقار جان،سپلیمنٹری پینل کے آفیشلز اگرچہ نان فرسٹ کلاس اور پاتھ وے میچوں میں ہونگے لیکن وہ فرسٹ الیون کے میچوں کے لیے بھی دستیاب ہوں گے۔
وقت اشاعت : 13/06/2023 - 22:32:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :