ایشیاء کپ: ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے افتتاحی میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری

ہفتہ 26 اگست 2023 15:35

ایشیاء کپ: ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے افتتاحی میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2023ء) سی پی او منصور الحق رانا کی ہدایت پر ملتان پولیس کی جانب سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق 30 اگست 2023ء کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیاء کپ کے افتتاحی میچ کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر ساڑھے سات ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

سی پی او ملتان منصور الحق رانا تمام تر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی خود کریں گے۔ملتان پولیس کے ساتھ ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، پاک فوج، رینجرز، سپیشل برانچ اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان ملتان کرکٹ سٹیڈیم، ملتان ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز پر مشتمل ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سٹیڈیم کے اطراف میں پیٹرولنگ کریں گی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کے لیے فاطمہ جناح ٹاؤن میں گاڑیوں کی پارکنگ رکھی جائے گی،شائقین کو فاطمہ جناح ٹاؤن پارکنگ پوائنٹ سے خصوصی شٹل بس سروس کے ذریعے سٹیڈیم پہنچایا جائیگا۔کرکٹ شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لازمی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے،کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یا لکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کسی بھی بینر و پوسٹر یا پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔کرکٹ شائقین کو گراؤنڈ، کھلاڑیوں اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی،اسٹیڈیم کے احاطے میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی سخت پابندی ہوگی۔
وقت اشاعت : 26/08/2023 - 15:35:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :