بھارت اور نیپال کے بارش سے متاثرہ میچ کا دوبارہ آغاز

نظرثانی شدہ ہدف کے تحت بھارت کیلئے اوورز کم اور ہدف زیادہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی پیر 4 ستمبر 2023 21:59

بھارت اور نیپال کے بارش سے متاثرہ میچ کا دوبارہ آغاز
پالی کیلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 ستمبر 2023ء ) بھارت اور نیپال کے بارش سے متاثرہ میچ کے اوورز محدود کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں بھارت اور نیپال کے بارش سے متاثرہ میچ کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔ بارش کے باعث نظرثانی شدہ ہدف کے تحت بھارت کیلئے اوورز کم اور ہدف زیادہ ہو گیا، بھارتی ٹیم کو اب 23 اوورز میں 145 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہو گا۔

نظرثانی شدہ ہدف کے تحت اب بھارت کو 6 سے زائد اوسط سے رنز بنانا ہوں گے۔ اس سے قبل ایشیاء کپ کے پانچویں ون ڈے میچ میں نیپال نے بھارت کو جیت کے لیے 231 رنز کا ہدف دیا۔ نیپالی ٹیم نے بیٹنگ کا شانداز آغاز کیا تاہم پہلی وکٹ 65 رنز پر گر گئی ، اوپنر کوشال بھورٹیل کو شاردل ٹھاکر نے 38 رنز پر آؤٹ کیا جب کہ بھیم شرکی 7 رنز پر رویندرا جڈیجا کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

نیپالی ٹیم کی تیسری وکٹ 93 رنز اور چوتھی وکٹ 101 رنز پر گری۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 31 رنز بنائے گئے لیکن یہاں اوپنر آصف شیخ 58 رنز بنا کر محمد سراج کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ سومپال کامی 48، کشال بھرتیل 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی طرف سے محمد سراج اور رویندرا جدیجا نے 3، 3 جبکہ محمد شامیہارڈیک پانڈیا، شرڈل ٹھاکر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارتی ٹیم نے فیلڈنگ کے دوران تین کیچز بھی چھوڑے۔ بھارتی ٹیم نے جسپریت بھمرا کی جگہ محمد شامی کو ٹیم میں شامل کیا۔ بھارت کی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گِل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، شیرس ایر، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شاردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، محمد شامی اور محمد سراج شامل ہیں۔ نیپال کی ٹیم کپتان روہت پوڈیل، کشال بھرٹیل، آصف شیخ، سومپال کامی، گلشن جھا، بھیم شرکی، دیپیندر سنگھ ایری، کشال مالا، سندیپ لامیچھانے، کرن کے سی اور للت راج بنشی پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 04/09/2023 - 21:59:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :