آئی سی سی نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ میں ڈی آر ایس سسٹم کی غلطی تسلیم کرلی

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ میں وین ڈر ڈسن کیخلاف متنازع ڈی آر ایس فیصلے کے باعث آئی سی سی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 اکتوبر 2023 10:37

آئی سی سی نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ میں ڈی آر ایس سسٹم کی غلطی تسلیم کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 اکتوبر 2023ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارت میں جاری ورلڈکپ کے دوران پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے اہم مقابلے کے دوران ڈی آر ایس سسٹم کی غلطی تسلیم کر لی۔ گزشتہ روز چنائی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرایا۔ ایک موقع پر پاکستان کو جیت کے لیے ایک وکٹ اور جنوبی افریقا کو 8 رنز درکار تھے، حارث رؤف کی گیند جنوبی افریقی بیٹر تبریز شمسی کے پیڈ پر لگی تو پاکستان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل امپائر نے رد کردی جس پر پاکستان نے ریویو لیا۔

ریویو میں نظر آیا کہ گیند سٹمپس سے ٹکرا رہی ہے لیکن اس کا آدھے سے زیادہ حصہ باہر کی طرف ہے جس کے باعث قوانین کے تحت آن فیلڈ امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے تھرڈ امپائر نے تبریز شمسی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس فیصلے پر سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے بھی آئی سی سی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بُری امپائرنگ اور قوانین پاکستان کی شکست کی وجہ بنے، آئی سی سی کو یہ قانون تبدیل کرنا چاہیے اگر گیند اسٹمپ پر لگ رہی ہے بھلے آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ دیا ہو یا ناٹ آؤٹ اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے اور وہ آؤٹ قرار دیا جانا چاہیے۔

اس میچ کے دوران ایک اور فیصلہ بھی سوشل میڈیا پر بحث کی وجہ بنا جس پر آئی سی سی کو وضاحت بھی دینا پڑی۔ جنوبی افریقا کی اننگز کے 19 ویں اوور میں اسامہ میر کی ایک گیند پروٹیز بیٹر رسی وین ڈر ڈسن کے پیڈ پر لگی، اسامہ میر کی جانب سے زوردار اپیل پر امپائر پال ریفل نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔ پروٹیز بیٹر کی جانب سے امپائر کے فیصلے کیخلاف ریویو لیا گیا اور جب ٹی وی پر ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے گیند کو دکھایا گیا تو اسامہ میر کی فلپر گیند کو پہلے وکٹوں کو مس کرتے دکھایا گیا لیکن کچھ ہی لمحے بعد ایک اور ٹی وی ری پلے دکھایا گیا جس پر گیند وکٹوں کو چھو رہی تھی۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر اسے معاملے کی وضاحت بھی دینا پڑی۔ آئی سی سی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے دکھائے گئے ڈی آر ایس ری پلے میں غلطی تھی جبکہ دوسرا ڈی آر ایس ری پلے درست تھا اس لیے وین ڈر ڈسن کو 21 رنز پر آؤٹ قرار دیا گیا کیونکہ اسامہ میر کی گیند وکٹوں کو چھو رہی تھی۔ خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں مسلسل 4 شکستوں کے بعد شدید مشکلات کا شکار ہے اور گرین شرٹس کے لیے اب آنے والے میچز میں ناصرف ہارنے کا چانس ختم ہو گیا ہے بلکہ اسے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے دوسری ٹیموں کے ہارنے کی دعا بھی کرنی پڑیگی۔
وقت اشاعت : 28/10/2023 - 10:37:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :