چار کیوسٹ پر مشتمل قومی سنوکر ٹیم کا اعلان،کھلاڑی چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے (کل) دوحہ روانہ ہوں گے

جمعہ 3 نومبر 2023 19:14

چار کیوسٹ پر مشتمل قومی سنوکر ٹیم کا اعلان،کھلاڑی  چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے (کل) دوحہ روانہ ہوں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2023ء) پی بی ایس ایف نے چار کیوسٹ پر مشتمل قومی سنوکر ٹیم کا اعلان کردیا، ٹیم میں محمد نسیم اختر، احسن رمضان ،محمد سجاد اور بابر مسیح شامل ہیں۔ قومی کیوسٹ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے (کل) جمعہ کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے قطر ایئرویز کی پرواز نمبر611 QR سے دوحہ روانہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ایف) نے ’’انٹرنیشنل سنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن (آئی بی ایس ایف)ورلڈ مینز (15ریڈز)سنوکر، ٹیمز اور 6ریڈز چیمپئن شپ 2023 ‘‘ میں شرکت کے لیے پاکستان سنوکر ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

آئی بی ایس ایف ورلڈ مینز ( 15ریڈ)چیمپئن شپ 5سے 10نومبر 2023 ء تک دوحہ، قطر میں کھیلی جائے گی جس میں شرکت کرنے کے لئے قومی ٹیم کے کیوسٹ بابر مسیح، محمد نسیم اختر اور حسن رمضان شرکت کریں گے جبکہ 5 سے 12 نومبر2023 تک کھیلی جانے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیمز چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ٹیم اے میں محمدنسیم اور احسن رضا اور ٹیم بی میں محمدسجاداور بابرمسیح کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح 5 سے 15 نومبر2023 تک کھیلی جانے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ 6ریڈز چیمپئن شپ کے لئے محمد نسیم اختراور احسن رمضان پر مشتمل ٹیم بنائی گئی ہے۔پی بی ایس اے کے صدر جاویدکریم نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ مذکورہ پاکستان سنوکر ٹیم کے کیوسٹ نے عالمی چیمپئن شپس میں شرکت کے لیے خود کوتیاراور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے9سے 31اکتوبر 2023 ء تک پاکستان کے چار شہروں بشمول لاہور، سرگودھا، ساہیوال اور راولپنڈی میں روزانہ کی بنیادوں پرپریکٹس اورٹریننگ کیمپ میں شرکت کی۔

ٹیم سے توقعات اچھی ہیں اور ٹیم پاکستان کا نام مذید روشن کرنے کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔پریکٹس اورتربیتی کیمپ کے اختتام کے بعد مذکورہ چاروں کیوسٹ چیمپیئن شپ میں شرکت کے لئے (کل) جمعہ کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قطر ایئرویز کی پرواز نمبر611 ((QR سے دوحہ روانہ ہوں گے۔
وقت اشاعت : 03/11/2023 - 19:14:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :