میچ کا وہ لمحہ جب فیصلہ کر لیا کہ فتح حاصل کر کے دم لوں گا

افغانستان کیخلاف ممبئی میں یادگار فتح حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کے گلین میکس ویل کا دلچسپ انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 7 نومبر 2023 23:31

میچ کا وہ لمحہ جب فیصلہ کر لیا کہ فتح حاصل کر کے دم لوں گا
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 نومبر 2023ء ) افغانستان کیخلاف ممبئی میں یادگار فتح حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کے گلین میکس ویل کا دلچسپ انکشاف، میچ کے اختتام کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران جب انہیں ڈی آر ایس پر ناٹ آوٹ قرار دیا گیا، تب ہی انہوں نے فیصلہ کیا کہ میچ کو فنش کر کے دم لوں گا۔ گلین میکس افغانستان کے خلاف ناصرف ڈی آر ایس کے ذریعے آوٹ ہونے سے بال بال بچے، بلکہ افغان فیلڈرز نے ان کے 2 میچز بھی ڈراپ کیے۔

یوں انہیں دیے جانے والے مواقع افغانستان کیلئے بہت بھاری ثابت ہوئے۔ واضح رہے کہ بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں منگل کی شب کو ناقابل یقین مناظر دیکھنے میں آئے۔ انجری کے باعث چلنے سے بھی قاصر آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز مقابلے کی شکل اختیار کر جانے والے میچ میں تن تنہا، کھڑے کھڑے افغانستان کے جبڑے سے فتح چھین لی۔

(جاری ہے)

گلین میکس ویل نے ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھڑے کھڑے چھکے پر چھکوں کی برسات کرتے ہوئے ناصرف تاریخی ڈبل سینچری اسکور کی، بلکہ اپنی ٹیم کو فتح دلوا کر ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ گلین میکس ویل نے کپتان کمنز کے ساتھ مل کر 8 ویں وکٹ کیلئے 202 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلوا کر ہی دم لیا۔ ورلڈکپ کے 39ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 292 رنز کا ہدف دیا۔

ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، افغانستان کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 38 رنز پر گری جب رحمان اللّٰہ گرباز 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے محتاط لیکن اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 24.4 اوورز میں رحمت شاہ 30 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ وکٹ کی دوسری جانب موجود ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔ واضح رہے کہ یہ کسی بھی افغانی کھلاڑی کے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈکپ میں پہلی سنچری تھی۔ ابراہیم زادران نے 129 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

انکی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں راشد خان نے 18 گیندوں پر 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک، گلین میکس ویل اور ایڈم زیمپا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔ بعد ازاں افغانستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگ کا بہت برا آغاز ہوا، افغانستان کے فاسٹ باولرز نوین الحق اور عظمت نے کینگروز کی بیٹنگ لائن روند ڈالی جس کے باعث آسٹریلیا 100 رنز سے قبل ہی 7 وکٹیں گنوا بیٹھا۔

تاہم پھر گلین میکس ویل نے 201 رنز کی اننگ کھیل کر 292 رنز کا مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
وقت اشاعت : 07/11/2023 - 23:31:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :