آئی سی سی نے سری لنکا کرکٹ کو فوری طور پر معطل کردیا

یہ فیصلہ سری لنکا کرکٹ انتظامیہ میں حکومت کی بے جا مداخلت کے باعث کیا گیا

جمعہ 10 نومبر 2023 20:30

آئی سی سی نے سری لنکا کرکٹ کو فوری طور پر معطل کردیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2023ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کرکٹ کو فوری طور پر معطل کردیا۔ آئی سی سی کے مطابق یہ فیصلہ سری لنکا کرکٹ انتظامیہ میں حکومت کی بے جا مداخلت کے باعث کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ملک کا کرکٹ بورڈ تحلیل ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی بورڈ نے جمعہ کو میٹنگ میں اس بات کا تعین کیا کہ سری لنکا کرکٹ بطور آئی سی سی ممبر اپنی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے، خاص طور پر اپنے معاملات کو خود مختار طریقے سے چلانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ سری لنکا کرکٹ میں گورننس، ریگولیشن اور انتظامیہ میں کوئی حکومتی مداخلت نہ ہو۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ معطلی کی شرائط کا فیصلہ آئی سی سی بورڈ مناسب وقت پر کرے گا۔ آئی سی سی بورڈ کا اجلاس 21 نومبر کو ہو گا ۔ واضح رہے کہ بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکن ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر سری لنکا کی وزارت کھیل نے کرکٹ بورڈ کو فارغ کرکے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا کی سربراہی میں عبوری کمیٹی قائم کر دی تھی، بعد ازاں اس عبوری کمیٹی کو بھی عدالتی حکم پر ختم کردیا گیا۔
وقت اشاعت : 10/11/2023 - 20:30:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :