محمد حارث خود سے سوال کریں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کیساتھ انصاف کیا؟: سلمان بٹ

وکٹ کیپر کو کافی مواقع ملے لیکن وہ اُسے کیش کرانے میں ناکام رہے، وہ بعض اوقات ایسے شاٹس کھیلتا ہے جس کی میچ کے وقت ضرورت نہیں ہوتی : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 مئی 2024 14:25

محمد حارث خود سے سوال کریں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کیساتھ انصاف کیا؟: سلمان بٹ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مئی 2024ء ) سابق کپتان سلمان بٹ نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے سکواڈ میں سلیکٹ نہ ہونے پر وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو اپنے اوپر نظرثانی کا مشورہ دیدیا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان و کمنٹیٹر سلمان بٹ نے کہا کہ اعظم خان، صائم ایوب اور افتخار احمد سبھی تیز رفتار اننگز کھیلتے ہیں جبکہ شاداب اور عماد وسیم بھی ہارڈ ہٹر میں شمار ہوتے ہیں، عثمان خان پی ایس ایل پرفارم کرکے قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ محمد حارث سوچیں انہوں نے کیا کیا؟۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ محمد حارث کو کافی مواقع ملے لیکن وہ اُسے کیش کرانے میں ناکام رہے، انہیں چاہیے وہ خود سے سوال کریں کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کیساتھ انصاف کیا ہے؟، وہ بعض اوقات ایسے شاٹس کھیلتا ہے جس کی میچ کے وقت ضرورت نہیں ہوتی تھی، اس نے اے ٹیم کی نمائندگی کے دوران بھی کئی بار ایسا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت ہر کرکٹ فین چاہتا ہے کہ وہ کھیلیں لیکن انہیں عملی طور پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔

 حارث نے پاکستان کے لیے 9 ٹی ٹونٹی کھیلے ہیں اور 127.27 کے سٹرائیک ریٹ سے 126 رنز بنائے ہیں۔ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ان کی اوسط 14 اور بہترین سکور 31 ہے۔ واضح رہے کہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا، جس میں تین وکٹ کیپرز کی سکواڈ میں شمولیت اور حسن علی کی واپسی پر سلیکٹرز پر تنقید کی گئی تھی۔
وقت اشاعت : 03/05/2024 - 14:25:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :