’یونیورس باس صرف ایک ہے‘، کرس گیل کا سوریہ کمار یادیو کے ساتھ موازنے پر ردعمل

کرس گیل واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 14,000 سے زیادہ رنز بنائے اور 1,000 سے زیادہ چھکے لگائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 1 دسمبر 2023 17:07

’یونیورس باس صرف ایک ہے‘، کرس گیل کا سوریہ کمار یادیو کے ساتھ موازنے پر ردعمل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2023ء ) سابق ویسٹ انڈین اسٹار بلے باز کرس گیل نے اپنے اور ہندوستانی بلے باز سوریہ کمار یادیو کے درمیان ہونے والے موازنہ کو مسترد کردیا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ایک رپورٹر نے سوریہ کمار یادیو کو اگلا کرس گیل بننے کا مشورہ دیتے ہوئے ایک سوال کیا۔ اس کے جواب میں کرس گیل نے کہا کہ ’’کوئی دوسرا گیل نہیں ہے‘‘۔

کرس گیل نے کہا ’’نہیں کوئی دوسرا گیل نہیں ہے۔ ایک اور گیل کبھی نہیں ہوگا۔ کبھی نہیں ہوگا۔ یونیورس باس صرف ایک ہے، صرف ایک‘۔ ابھرتے ہوئے ہندوستانی سٹار بلے باز سوریہ کمار یادیو کا تقابل اکثر اے بی ڈیویلیئرز جنہیں ان کی ہٹ کرنے کی صلاحیت کے حوالے سے جانا جاتا ہے اور کرس گیل جو کریز پر اپنے اٹیکنگ شاٹس کے لیے جانے جاتے ہیں ، سے کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ بات قابل غور ہے کہ خود کرس گیل نے اس طرح کے موازنہ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کرس گیل نے 79 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں حصہ لے کر مجموعی طور پر 1899 رنز بنائے جس میں 124 چھکے اور دو سنچریاں شامل ہیں۔ کرس گیل واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 14,000 سے زیادہ رنز بنائے اور 1,000 سے زیادہ چھکے لگائے۔ مزید یہ کہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی دونوں میں ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

برائن لارا کے ساتھ ساتھ وہ ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کے لیے 10,000 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے صرف دو کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور وہ اس وقت بھی ٹیم کا حصہ تھے جب ویسٹ انڈیز نے 2012ء اور 2016ء میں 2 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتے تھے۔ دوسری جانب سوریہ کمار نے حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا ہے، اس کے باوجود وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں متعدد ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ صرف 56 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں حصہ لینے کے بعد انہوں نے 1979 رنز بنائے ہیں جن میں تین سنچریاں اور 112 چھکے شامل ہیں۔ تاہم ون ڈے میں ان کی کارکردگی ان کی ٹی ٹونٹی کامیابی سے مماثل نہیں ہے۔ 37 میچ کھیل کر وہ ابھی تک اس فارمیٹ میں سنچری نہیں بنا پائے ہیں۔
وقت اشاعت : 01/12/2023 - 17:07:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :