بھارتی کپتان، ہیڈکوچ نے ورلڈکپ فائنل میں شکست کا ملبہ ’’پچ‘‘ پر ڈال دیا

مبینہ طور پر پچ میں اتنا بدلائو نہیں آیا جتنی ٹیم مینجمنٹ نے توقع کی تھی : روہت شرما

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 دسمبر 2023 14:55

بھارتی کپتان، ہیڈکوچ نے ورلڈکپ فائنل میں شکست کا ملبہ ’’پچ‘‘ پر ڈال دیا
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے آسٹریلیا کے ہاتھوں آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں شکست کا ملبہ ’پچ‘ پر ڈال دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ عہدیداران نے دہلی میں ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کیساتھ ویڈیو کال میٹنگ میں آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں شکست کی وجوہات کے بارے میں سوالات کیے۔

اس میٹنگ میں بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ، نائب صدر راجیو شکلا اور خزانچی آشیش شیلر موجود تھے۔ ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے ورلڈکپ فائنل میں شکست کا ملبہ احمد آباد سٹیڈیم کی پچ پر ڈال دیا جبکہ کپتان روہت شرما نے پچ سپنرز کیلئے سازگار نہ ہونے کا شکوہ کیا۔ روہت شرما نے کہا کہ مبینہ طور پر پچ میں اتنا بدلائو نہیں آیا جتنی ٹیم مینجمنٹ نے توقع کی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آئی سی سی ایونٹس کے دوران ناک آؤٹ مرحلے کیلئے تازی پچ بنائی جاتی ہیں تاہم بھارت نے اپنی ٹیم کو میگا ایونٹ جتوانے کیلئے پہلے سے استعمال شدہ پچز پر میچ کروائے اور سپنرز کیلئے سازگار پچز بنوائیں جس نے مخالف ٹیم کیخلاف بھارت کا کامیابی تناسب بڑھا دیا۔ میچ سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم کی پچ پر سوال اٹھائے تھے ، ان کی گراؤنڈ سٹاف کے ساتھ بحث بھی ہوئی تھی۔ ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے سٹیڈیم میں بھارت کو ہوم گراؤنڈ کے سامنے آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست ہوئی تھی۔
وقت اشاعت : 03/12/2023 - 14:55:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :