افغان کرکٹر مجیب الرحمان کو مہنگی ٹی ٹوئنٹی لیگ سے باہر کر دیا گیا

مجیب الرحمان سمیت 3 افغان کرکٹرز کو افغان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر سزائیں سنائی تھیں

muhammad ali محمد علی پیر 1 جنوری 2024 23:04

افغان کرکٹر مجیب الرحمان کو مہنگی ٹی ٹوئنٹی لیگ سے باہر کر دیا گیا
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جنوری2024ء) افغان کرکٹر مجیب الرحمان کو مہنگی ٹی ٹوئنٹی لیگ سے باہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے کرکٹر مجیب الرحمان کو این او سی شرائط میں تبدیلی کے بعد دنیا کی بڑی اور مہنگی بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ سے باہر کردیا گیا۔ مجیب الرحمان افغانستان کے ان تین کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہیں افغان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر سزائیں سنائی تھیں،دیگر دو کرکٹرز میں نوین الحق اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔

ان تینوں کرکٹرز کے خلاف ملکی سنٹرل کنٹریکٹ پر اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دینے کی وجہ سے ڈسپلنری ایکشن لیا گیا اور ان پر آئندہ دو سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ افغان کرکٹ بورڈ نے 25 دسمبر کو کرکٹرز پر پابندی کا اعلامیہ جاری کیا تھا، اس وقت تک مجیب بی بی ایل میں اپنی فرنچائز کی طرف سے دو میچز کھیل چکے تھے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد یکم جنوری کو رینیگیڈز نے تازہ ترین بیان جاری کیا کہ مجیب الرحمان کو این او سی شرائط میں تبدیلی کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی اور نوین الحق نے اپنی قومی ٹیم کو ترجیح دینے کے بجائے غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگز کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا جس پر افغانستان کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ۔ مذکورہ تینوں افغان کرکٹرز افغانستان کی کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔ جبکہ مجیب الرحمان اور نوین الحق پاکستان سپر لیگ کا بھی حصہ بن چکے۔ تاہم افغان کرکٹ بورڈ کی عائد کردہ پابندی کے باعث مذکورہ کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا۔
                             
وقت اشاعت : 01/01/2024 - 23:04:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :