میچ کے دوران ویرات کوہلی نے مجھ پر تھوکا: سابق جنوبی افریقی کپتان کا دعویٰ

میں نے گالی دیتے ہوئے کوہلی سے کہا کہ اگر دوبارہ ایسا کیا تو میں بلے سے تمہیں ماروں گا : ڈین ایلگر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 جنوری 2024 14:54

میچ کے دوران ویرات کوہلی نے مجھ پر تھوکا: سابق جنوبی افریقی کپتان کا دعویٰ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جنوری 2024ء ) سابق جنوبی افریقی ٹیسٹ کپتان ڈین ایلگر نے دعویٰ کیا ہے کہ 2015ء میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے مبینہ طور پر ان پر تھوک دیا جس سے تنازعہ ہوا اور اس واقعے کے بارے میں نئی بحث چھڑ گئی۔ ڈین ایلگر نے ’بیٹ وے ساؤتھ افریقا‘ نامی یوٹیوب چینل پر ہونے والے پوڈکاسٹ میں یہ انکشاف کیا کہ ان کا کوہلی اور ہندوستانی سپنر روی ایشون کے ساتھ 2015ء کی اس سیریز کے دوران جھگڑا ہوا تھا ۔

سابق کپتان بولے 'یہ میرا اور کوہلی کا پہلا سامنا تھا جب ہم بھارت میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے گئے تھے، بھارت کی وہ وکٹیں مذاق تھیں، جب میں بیٹنگ کے لیے آیا تو ایشون اور جڈیجا کے خلاف خود کو سنبھالے ہوئے تھا کہ کوہلی نے مجھ پر تھوکا‘۔

(جاری ہے)

ایلگر نے جنوبی افریقہ کے عظیم بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کا بھی خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے اس بارے میں بات کی کہ کس طرح کوہلی اور ڈی ویلیئرز جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے ساتھی تھے، آپس میں زبردست دوستی ہے۔

ایلگر نے مذاق میں یہ بھی کہا کہ اگر کوہلی نے میدان میں کچھ کرنے کی کوشش کی تو وہ انہیں ناک آؤٹ کر دیں گے‘۔

واضح رہے کہ ایلگر نے دسمبر 2023ء میں بھارت کے خلاف گھر پر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقی ٹیم کی کپتانی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ سٹار ہندوستانی بلے باز نے کیپ ٹاؤن میں اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں ایلگر کے بلے سے کیچ لینے کے بعد جشن نہیں منایا کیونکہ کوہلی نے پویلین لوٹتے ہی اسے گلے لگا لیا۔

ایلگر کو اپنے آخری بین الاقوامی میچ میں گرمجوشی سے الوداع کہنے کے بعد کوہلی نے سیریز کے آخری میچ کے دوران کیپ ٹاؤن میں انہیں دستخط شدہ جرسی بھی پیش کی اور ہندوستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف فتح حاصل کرتے ہوئے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
وقت اشاعت : 30/01/2024 - 14:54:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :